پارلیمنٹ لاجزغیر اخلاقی سرگرمیوں کے الزامات بارے قائم خصوصی کمیٹی کا اجلاس، تحقیقات میں جمشید دستی کے الزامات غلط نکلے، آئی بی اور پولیس جمشید دستی کی فراہم کردہ وڈیو میں دکھائی دینے والی تین شخصیات کا سراغ لگانے میں ناکام ، تینوں شخصیات کی تصاویر پارلیمنٹ لاجز سیکیورٹی کے حوالے کر دی گئیں ،خصوصی کمیٹی کا آخری اجلاس 23اپریل کو ہوگا ، پارلیمنٹ لاجز کی سیکیورٹی اور غیر اخلاقی سرگرمیوں کے بارے میں سفارشات کو حتمی شکل دی جائیگی

پیر 7 اپریل 2014 19:15

پارلیمنٹ لاجزغیر اخلاقی سرگرمیوں کے الزامات بارے قائم خصوصی کمیٹی ..

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔7اپریل۔2014ء) پارلیمنٹ لاجزغیر اخلاقی سرگرمیوں کے الزامات بارے قائم خصوصی کمیٹی کی تحقیقات میں جمشید دستی کے الزامات غلط جبکہ پارلیمنٹ لاجزکو غیر اخلاقی سرگرمیوں کیلئے استعمال ثابت ہوگیا۔ آئی بی اور پولیس جمشید دستی کی فراہم کردہ وڈیو میں دکھائی دینے والی تین شخصیات کا سراغ لگانے میں ناکام ، تینوں ں شخصیات کی تصاویر پارلیمنٹ لاجز سیکیورٹی کے حوالے کر دی گئیں ۔

خصوصی کمیٹی کا آخری اجلاس 23اپریل کو ہوگا جس میں پارلیمنٹ لاجز کی سیکیورٹی اور غیر اخلاقی سرگرمیوں کے بارے میں سفارشات کو حتمی شکل دی جائیگی۔ پارلیمنٹ لاجز میں غیر اخلاقی سرگرمیوں کے الزام کی تحقیقات کرنے والی کمیٹی کا ان کیمرہ اجلاس پیر کو چیئرمین شیخ روحیل اصغر کی زیر صدارت پارلیمنٹ ہاؤس کے کانسٹیٹیوشن روم میں منعقد ہوا۔

(جاری ہے)

اجلاس کے بعدمیڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے چیئرمین کمیٹی شیخ روحیل اصغر نے بتایا کہ اجلاس میں خصوصی طور پر بلائے گئے رکن قومی اسمبلی عرفان ڈوگر نے بیان ریکارڈ کروایا۔

اجلاس میں شریک ڈپٹی دائریکٹر آئی بی اور پارلیمنٹ لاجز کی سیکیورٹی انچارج نے کمیٹی کو آگاہ کیا کہ جمشید دستی کی فراہم کردہ سی ڈی وڈیومیں دکھائی دینے والی تین شخصیات کا سراغ نہیں مل سکا ۔

شیخ روحیل اصغر نے بتایا کہ اب تک کی تحقیقات سے یہ بات ثابت ہوگئی ہے کہ آف سیشن عرصہ میں ملازمین اور مہمانوں کی جانب سے پارلیمنٹ لاجز کو غیر اخلاقی سرگرمیوں کیلئے استعمال کیا گیا ہے جبکہ اراکین اسمبلی کی طرف سے لاجز میں غیر اخلاقی سرگرمیوں کیلئے استعمال کرنے کا الزام ثابت نہیں ہوا ۔

انہوں نے کہا کہ میڈیا میں مبالغہ آرائی سے کام لیا گیا پارلیمنٹ لاجز سے کوئی شراب کی خالی بوتلوں کا ٹرک بھر کرنہیں لے جایا گیا۔ سدرہ نامی خاتون کی پارلیمنٹ لاجز میں آمد کے انکشاف کے بعد جمشید دستی بے گناہ نہیں رہے۔ جمشید دستی کے حکومت پرانکے خاندان کو پولیس سے ہراساں کرائے جانے کے الزامات بے بنیاد ہیں جمشید دستی کی بھابھی پر منشیات کا مقدمہ درج ہے ۔ انہوں نے مزید بتایا کہ کمیٹی کا آخری اجلاس 23اپریل کو طلب کیا گیا ہے جس میں کمیٹی پارلیمنٹ لاجز کی سیکیورٹی کے ناقص انتظامات ، سیکیورٹی نفری میں کمی اور غیر اخلاقی سرگرمیوں کی روک تھام کیلئے سفارشات مرتب کرے گی ۔