حکومت کی جانب سے غیر عسکری قیدیوں کی رہائی خوش آئند ہے،پروفیسرابراہیم، ملک میں امن کی جانب پیش قدمی جاری ہے ، امید ہے بہت جلد قوم کو امن کا تحفہ دیں گے، مشرف نے جس جنگ کا آغاز کیا تھا زرداری نے اسے جاری رکھا ،ہزاروں افرادکو اپنی جانوں سے ہاتھ دھونا پڑا،کنونشن سے خطاب

اتوار 6 اپریل 2014 21:09

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔6اپریل۔2014ء) جماعت اسلامی خیبر پختونخوا کے امیر پروفیسر محمد ابراہیم خان نے کہا ہے کہ قرآن مکمل ضابطہٴ حیات ہے اور اس میں دینی و دنیاوی کامیابی کے راز پوشیدہ ہیں۔ قرآن کو تاکوں میں سجانے کے لئے نہیں بلکہ اس میں موجود تعلیمات کو پھیلانے کی ضرورت ہے۔جماعت اسلامی قرآن و سنت کی دعوت سے اللہ کی زمین پر اللہ کے نظام کو نافذ کرنے کے لئے کوشاں ہے۔

ملک میں امن کی جانب پیش قدمی جاری ہے ۔ امید ہے بہت جلد قوم کو امن کا تحفہ دیں گے۔ حکومت کی جانب سے غیر عسکری قیدیوں کی رہائی خوش آئند ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جماعہ حدیقة العلوم المرکز اسلامی میں دو روزہ فہم دین کنونشن کے آخری روز شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔جس میں صوبے بھر سے پانچ سو سے زائد علماء کرام، آئمہٴ مساجداور خطباء کرام نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

کنونشن سے جماعت اسلامی خیبر پختونخوا کے سیکرٹری جنرل شبیر احمد خان، مرکز ی ناظم شعبہ فہم دین حافظ ساجد انور اور جماعت اسلامی خیبر پختونخوا کے نائب امیر مولانا محمد اسماعیل نے بھی خطاب کیا۔ پروفیسر محمد ابراہیم خان نے مزید کہا کہ مشرف نے جس جنگ کا آغاز کیا تھا زرداری نے اسے جاری رکھا اور ہزاروں افرادکو اپنی جانوں سے ہاتھ دھونا پڑا۔

موجودہ حکومت نے اس پالیسی کو ترک کیا اور مذاکرات کا آغاز کیا جو خوش آئند ہے ۔انہوں نے کہا کہ طالبان سے سلمان تاثیر اور یوسف رضا گیلانی کے بیٹوں کی رہائی سے متعلق بات کریں گے لیکن پیپلز پارٹی کی قیادت کو چاہئے کہ وہ ایسے موقع پر طالبان کے خلاف جارحانہ رویہ اختیار کریں گے تو ہمیں ان کی رہائی کی کوششوں میں دشواری ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ امن کے قیام کے لئے حکومت اور طالبان کو قریب لانے کی کوششیں جاری ہیں ۔

انہوں نے کہا کہ طالبان اور حکومت کی دوسری براہ راست ملاقات کے انعقاد کے لئے رابطے جاری ہیں اور انشاء اللہ جلد ہی یہ ملاقات ہوگی۔ قوم سے اپیل ہے کہ وہ امن مذاکرات کی کامیابی کے لئے دعا کرے۔ امید ہے قوم کو جلد خوشخبری دیں گے۔ کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے جماعت اسلامی خیبر پختونخوا کے سیکرٹری جنرل شبیر احمد خان نے کہا کہ حکمران اسلامی شریعت کے نفاذ کے راستوں کے پتھربننے یا رکاوٹیں کھڑی کرنے کی روِش ترک کردیں اور آئینی ادارے اسلامی نظریاتی کونسل کی اسلامی قوانین سے متعلق سفارشات کو عملی جامہ پہنائیں۔ انہوں نے شرکاء پر زور دیا کہ قرآن کے پیغام کو پھیلانے کے لئے دیوانہ وار نکلیں اور ہر گاوٴں ، ہر محلے اور ہر گھر تک قرآن کی دعوت اور اس کا پیغام پہنچائیں۔