پاکستان کا بھارت میں انتخابات سے کوئی تعلق نہیں، سرتاج عزیز

اتوار 6 اپریل 2014 20:16

پاکستان کا بھارت میں انتخابات سے کوئی تعلق نہیں، سرتاج عزیز
اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔6اپریل۔2014ء) وزیراعظم کے مشیر برائے امور خارجہ سرتاج عزیز نے کہا ہے کہ آنے والے دنوں میں ایران کے ساتھ بھی تعلقات بہتر ہونگے، پاکستان کا بھارت میں انتخابات سے کوئی تعلق ہے نہ ہی کسی ملک میں مداخلت کرنا چاہتے ہیں. وزیراعظم کے مشیر برائے امور خارجہ سرتاج عزیز نے کہا ہے کہ پاکستان کی شروع سے یہی پالیسی رہی ہے کہ افغانستان کیساتھ گہرے دوستانہ تعلقات قائم رہیں۔

ایک نجی ٹی وی کو انٹرویو دیتے ہوئے انہوں نے کہا ہے کہ افغانستان میں خراب موسم اور سازگار حالات کے باوجود الیکشن میں ٹرن آﺅٹ بہترین رہا اور اس سلسلے میں افغان سکیورٹی اداروں نے بھی اپنا مثبت کردار ادا کیا۔ افغان اداروں نے پاکستان سے کہا تھا کہ وہ افغانستان آنے والے صرف دو راستوں کو کھلا رکھے اور باقی تمام کو بند کر دے جس پر ہماری حکومت نے بھی ان کی خواہش کا احترام کیا۔

(جاری ہے)

سرتاج عزیز نے کہا کہ پاکستان کی شروع سے یہی پالیسی رہی ہے کہ افغانستان کیساتھ بہتر تعلقات قائم ہوں اور اس سلسلے میں ہماری حکومت نے برسر اقتدار آنے کے فوری بعد صدر کرزئی کو دورے کی دعوت دی تا کہ تعلقات مضبوط ہوں اور پھر اس سلسلے میں کافی اقدامات بھی کئے گئے جس کے بعد اب پہلے کی نسبت پاک افغان تعلقات بہتر ہوئے ہیں۔ مشیر خارجہ نے کہا کہ حکومت اب ایران کیساتھ بھی بہت سے مسائل حل کر چکی ہے اور آنے والے دنوں میں ان کے نتائج پوری قوم کے سامنے ہوں گے۔ ایک سوال کے جواب میں سرتاج عزیز نے کہا کہ پاکستان کا بھارت میں انتخابات سے کوئی تعلق نہیں اور نہ ہی پاکستان کسی ملک میں مداخلت کرنا چاہتا ہے۔