وزیراعظم نواز شریف کی صدارتی انتخابات پر افغان صدراور عوام کو مبارکباد ،خطے میں امن کیلئے نئی افغان قیادت سے تعاون جاری رکھا جائے گا ،وزیر اعظم نواز شریف ،امید ہے افغانستان میں جمہوریت پھلے پھولے گی ، پاکستان کی طرح کابل میں بھی انتقال اقتدار پرامن ہوگا ،بیان

اتوار 6 اپریل 2014 16:50

وزیراعظم نواز شریف کی صدارتی انتخابات پر افغان صدراور عوام کو مبارکباد ..

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔6اپریل۔2014ء) وزیراعظم نواز شریف نے صدارتی انتخابات پر افغان عوام کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ خطے میں امن کیلئے نئی افغان قیادت سے تعاون جاری رکھا جائے گا ،امید ہے افغانستان میں جمہوریت پھلے پھولے گی ، پاکستان کی طرح کابل میں بھی انتقال اقتدار پرامن ہوگا۔ اتوار کو وزیر اعظم ہاوٴس اسلام آباد سے جاری اپنے بیان میں وزیر اعظم نے کہا کہ افغانستان پاکستان کا برادر ہمسایہ ملک ہے، صدارتی انتخابات میں جمہوری سفرافغان عوام کیلئے تاریخی لمحہ ہے، افغانستان میں کامیاب صدارتی الیکشن پر وہ افغان صدر حامد کرزئی اور وہاں کے عوام کو مبارکباد دیتے ہیں، امید ہے افغانستان میں جمہوریت پھلے پھولے گی اور پاکستان کی طرح کابل میں بھی انتقال اقتدار پْرامن ہوگا۔

(جاری ہے)

وزیراعظم نے کہا کہ افغانستان میں انتخابات خطے میں امن کے استحکام میں اہم ثابت ہوں گے اور اس سلسلے میں پاکستان نئی افغان قیادت کے ساتھ تعاون جاری رکھا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ جمہوری عمل میں افغان عوام کی شرکت خطے میں امن واستحکام لانے کیلئے اہم کردارادا کرے گی ۔انہوں نے کہاکہ پاکستان نہ صرف جمہوریت کی مضبوطی میں افغانستان کی مدد اورمعاونت کرے گا بلکہ افغانستان کی نئی قیادت کے ساتھ مل کر خطے میں امن وخوشحالی لانے میں کام کرے گا ۔