ملک کوانتشار اورنفاق میں مبتلا کرنے کے اقدام سے ہرممکنہ گریز کیا جائے، الطاف حسین،سابق صدرپرویزمشرف کے معاملے کوذاتی پسندناپسندکے بجائے انسانی ہمدردی کی بنیادپر حل کرنے کی کوشش کی جائے،قائد ایم کیوایم

ہفتہ 5 اپریل 2014 22:29

لندن(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔5اپریل۔2014ء) متحدہ قومی موومنٹ کے قائد الطاف حسین نے حکمرانوں، عسکری حکام اوربیوروکریسی کومخاطب کرتے ہوئے کہاہے کہ سابق صدرجنرل پرویزمشرف کے معاملے کوذاتی پسندناپسندکے بجائے انسانی ہمدردی اورمیرٹ کی بنیادپر حل کرنے کی کوشش کی جائے اورملک کومزیدانتشاراورنفاق میں مبتلاکرنے کے اقدام سے گریزکیاجائے ۔

انہوں نے یہ بات ایم کیوایم انٹرنیشنل سیکریٹریٹ لندن میں پاکستان کے ہائی کمشنرواجدشمس الحسن کے اعزازمیں دیئے گئے الوداعی ظہرانے کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے کہی۔ ظہرانے میں ایم کیوایم کی رابطہ کمیٹی کے ڈپٹی کنوینرندیم نصرت، ڈاکٹرخالدمقبول صدیقی، دیگراراکین رابطہ کمیٹی،حق پرست، سینیٹرز، ارکان قومی وصوبائی اسمبلی اورایم کیوایم کے مختلف شعبہ جات کے ارکان نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

قبل ازیں برطانیہ میں پاکستانی ہائی کمشنر واجد شمس الحسن نے الطاف حسین سے الوداعی ملاقات کی جس میں ملک کی مجموعی صورتحال اور باہمی دلچسپی کے مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ الطاف حسین نے واجدشمس الحسن کو ان کی چھ سالہ خدمات کو سراہتے ہوئے کہاکہ اس وقت ملک جس نازک صورتحال سے گزررہاہے اس میں آپ جیسے تجربہ کار اورباصلاحیت ہائی کمشنر کی ضرورت تھی، بہرحال ہم حکومت کے فیصلے کااحترام کرتے ہیں ۔

واجدشمس الحسن نے اپنے چھ سالہ دورمیں بھرپورتعاون پر الطاف حسین کا شکریہ ادا کیا۔ظہرانے کے موقع پرشرکاء سے گفتگو کرتے ہوئے الطاف حسین نے حکومت، عسکری حکام اور بیوروکریسی کو مخاطب کرتے جاری ہے ۔ ہوئے کہاکہ میں دعاگو ہوں کہ وہ جنرل پرویز مشرف کے معاملہ کو ذاتی پسند ناپسند کا معاملہ بنانے کے بجائے اسے مکمل میرٹ اور قومی مفاد کے تحت حل کرنے کی کوشش کریں گے ۔

اس وقت پاکستان کو جن داخلی وخارجی بحرانوں کا سامنا ہے ان کا تقاضہ ہے کہ ملک کوانتشار اورنفاق میں مبتلا کرنے کے اقدام سے ہرممکنہ گریز کیا جائے کیونکہ اسی میں ملکی سلامتی اور بقاء پنہاں ہے ۔ الطاف حسین نے مزید کہاکہ ہم سب کو اس حقیقت کو ہرگز فراموش نہیں کرنا چاہیے کہ پاکستان اس وقت سفارتی محاذ پر تنہا ہے اور ہم سے محبت کے دعویدار بھی ہم سے مخلص نہیں ہیں ۔

انہوں نے کہاکہ میں صرف پرخلوص رائے اور مشورہ ہی دے سکتا ہوں ، حکم نہیں ، باقی جو آپ کریں وہ آپ کی مرضی ہے ۔ الطاف حسین نے پاکستان سے آئے ہوئے منتخب اراکین اسمبلی سے کہاکہ عوام نے آپ کو ووٹوں سے منتخب کیا ہے لہٰذا آپ پر یہ واجب ہے کہ آپ ووٹوں کی اس امانت کا تقدس برقراررکھیں اور اپنے حلقوں کے عوام کو درپیش گونہ گوں مسائل کو حل کرنے کی حتی المقدور کوشش کریں۔

انہوں نے کہاکہ مجھے اس بات کا بخوبی علم ہے کہ ایم کیوایم ، حکومت میں نہیں ہے اور ترقیاتی فنڈز کی منظوری اور شہری سہولیات کے بڑے منصوبوں کی تکمیل آپ کے دائرہ اختیار سے باہر ہے تاہم آپ عوام کو زیادہ سے زیادہ سہولیات اورریلیف فراہم کرنے کی جدوجہد جاری رکھیں ۔ مجھے امید ہے کہ انتھک کاوشوں اور جانفشانی سے آپ عوام کو درپیش کچھ نہ کچھ مسائل حل کروانے میں ضرور کامیاب ہوں گے ۔ انہوں نے حق پرست اراکین پر زوردیا کہ وہ اپنے اپنے علاقوں میں زیادہ سے زیادہ تعلیمی ادارے اور لائبریریز قائم کرنے اور تعلیمی معیار کو بہتر بنانے پر خصوصی توجہ دیں۔