بنگلہ دیش، وومن ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں 7ویں پوزیشن حاصل کرنیوالی قومی ٹیم وطن واپس پہنچ گئی

ہفتہ 5 اپریل 2014 13:34

لاہور(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 5اپریل 2014ء) بنگلہ دیش میں ہونے والے وومن ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں 7ویں پوزیشن حاصل کرنے والی قومی ٹیم وطن واپس پہنچ گئی۔میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے قومی وومن ٹیم کی کپتان ثناء میر نے کہا کہ وومن ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں 7 ویں پوزیشن حاصل کرنے پر ٹیم کی کارکردگی سے مطمئن نہیں ہوں، ہم اس سے بہتر کارکردگی دکھا سکتے تھے تاہم ابتدائی بلے باز اچھی کارکردگی دکھانے میں ناکام رہے۔

انہوں نے کہاکہ اب وقت آ گیا ہے کہ وومن کی ایک روزہ اور ٹی ٹوئنٹی کی ٹیم علیحدہ بنائی جائے کیونکہ ہماری لڑکیوں میں ایسی صلاحیتیں نہیں ہیں کہ کھلاڑی اپنے آپ کو دونوں طرز کی کرکٹ میں ایڈ جسٹ کر سکیں۔ثناء میر نے کہا کہ لڑکوں اور لڑکیوں کی کرکٹ کو ملانا درست بات نہیں ہے، پاکستان میں لڑکیوں میں کھیل کا رجحان نہیں ہے، چاہے اسکول لیول ہو، گلی کرکٹ ہو یا کالج لیول کرکٹ ہو کسی بھی جگہ پر وومن کرکٹ کا انفرا اسٹرکچر موجود نہیں ہے، اس کے باوجود یہ لڑکیاں ان ٹیموں کے ساتھ مقابلہ کرتی ہیں جن کی اے ٹیمز بھی ہیں، انڈر 19 ٹیمیں بھی ہیں اور انھیں اپنے گراوٴنڈرز میں کرکٹ بھی بہت زیادہ کھیلنے کو ملتی ہے تو ان تمام چیزوں کو مد نظر رکھ کر تنقید کرنی چاہیے۔

(جاری ہے)

قومی وومن ٹیم کی کپتان نے کہا کہ پاکستان کرکٹ بورڈ کو انفرا اسٹرکچر پر بہتر زیادہ فوکس کرنا پڑے گا کیونکہ ہمارے پاس پلیئرز کی ناکامی کی صورت میں ان کا کوئی متبادل موجود نہیں ہوتا، ٹیم میں مزید بہتری کی ضرورت ہے۔ ثناء میر نے کہا کہ مجھے استعفیٰ دینا ہوا تو سب سے پہلے ٹیم کے دیگر کھلاڑیوں اور پی سی بی وومن کرکٹ کی چیرپرسن بشری اعتزاز اور کرکٹ بورڈ سے مشاورت کے بعد ہی کوئی فیصلہ کروں گی، قوم اور میڈیا کو بہت زیادہ جذباتی نہیں ہونا چاہیے، ٹیم کو سپورٹ کرنا چاہیے اور مثبت چیزوں کو آگے لے کر آنا چاہیے۔

متعلقہ عنوان :