مشرف کا معاملہ ذاتی پسند ناپسند کے تحت نہ دیکھا جائے، الطاف حسین

ہفتہ 5 اپریل 2014 12:34

مشرف کا معاملہ ذاتی پسند ناپسند کے تحت نہ دیکھا جائے، الطاف حسین

لندن(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 5اپریل 2014ء) متحدہ قومی موومنٹ کے قائد الطاف حسین نے حکمرانوں، عسکری حکام اوربیوروکریسی کومخاطب کرتے ہوئے کہاہے کہ سابق صدرجنرل پرویزمشرف کے معاملے کوذاتی پسندناپسندکے بجائے مکمل میرٹ اورقومی مفاد کے تحت حل کرنے کی کوشش کی جائے،ایم کیو ایم کے جاری کردہ بیان کے مطابق الطاف حسین نے ایم کیوایم انٹرنیشنل سیکریٹریٹ لندن میں پاکستان کے ہائی کمشنرواجدشمس الحسن کے اعزازمیں دیئے گئے الوداعی ظہرانے کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اس وقت پاکستان کو جن داخلی وخارجی بحرانوں کا سامنا ہے۔

(جاری ہے)

ان کا تقاضا ہے کہ ملک کوانتشار اورنفاق میں مبتلا کرنے کے اقدام سے ہرممکنہ گریز کیا جائے ،انہوں نے مزید کہاکہ ہم سب کو اس حقیقت کو ہرگز فراموش نہیں کرنا چاہیے کہ پاکستان اس وقت سفارتی محاذ پر تنہا ہے اور ہم سے محبت کے دعویدار بھی ہم سے مخلص نہیں ہیں۔ انہوں نے کہاکہ میں صرف پرخلوص رائے اور مشورہ ہی دے سکتا ہوں ، حکم نہیں ، باقی جو حکمرانوں کی مرضی ہے۔الطاف حسین نے واجدشمس الحسن کو ان کی چھ سالہ خدمات کوسراہا،ظہرانے میں ایم کیوایم کی رابطہ کمیٹی ،حق پرست، سینیٹرز، ارکان قومی وصوبائی اسمبلی نے شرکت کی۔