سری لنکن بورڈ نے اپنی ٹیم کو ورلڈ کپ جیتنے کا نسخہ بتا دیا

ہفتہ 5 اپریل 2014 12:00

سری لنکن بورڈ نے اپنی ٹیم کو ورلڈ کپ جیتنے کا نسخہ بتا دیا

کولمبو(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 5اپریل 2014ء) سری لنکن کرکٹ بورڈ نے فائنل سے قبل ڈالرز دکھا کر پلیئرز کو فتح کی ترغیب دلانا شروع کر دی، اگر ٹیم نے اتوار کو چوکرز کا لیبل اتار کر کامیابی حاصل کی تو اسے ایک ملین ڈالر اضافی بونس سے نوازا جائے گا۔ گذشتہ روز حکام نے اعلان کیا کہ اگر کھلاڑی آئی سی سی ورلڈ ٹی ٹوئنٹی ٹرافی کے ساتھ وطن واپس آئے تو ہم پہلے سے اعلان شدہ رقم میں تین گنا اضافہ کر دیں گے، ایگزیکٹیو کمیٹی کے ہنگامی اجلاس میں فیصلہ ہوا کہ فیصلہ کن معرکے میں کامیابی کی صورت میں پلیئرز کو ڈیڑھ ملین ڈالر کا انعام دیا جائے گا، اس میں 5 لاکھ ڈالرکی فیس بھی شامل ہے، آئی لینڈرز کو اس کیلیے بھارت کو قابو کرنا ہو گا، گذشتہ میگا ایونٹ کے ہوم گراؤنڈ پر منعقدہ فائنل میں سری لنکا کو ویسٹ انڈیز نے زیر کر لیا تھا، ٹیم آخری دونوں 50 اوورز کے ورلڈ کپ فائنلز میں بھی ناکام رہی، آخری بار اس نے1996میں ارجنا راناٹنگا کی زیرقیادت ٹرافی پائی تھی۔

(جاری ہے)

یاد رہے کہ سری لنکن بورڈ اور کھلاڑیوں کے درمیان معاوضوں پر تنازع جاری ہے، پلیئرز نے بنگلہ دیش روانگی سے قبل سینٹرل کنٹریکٹ پر دستخط سے انکار کر دیا تھا، ایک موقع پر حکام نے بی ٹیم بھیجنے کی بھی دھمکی دی، بعد ازاں کارکردگی کی بنیاد پر مراعات کا اعلان کیا۔ دریں اثنا سری لنکن شائقین کو چارٹر فلائٹ کے ذریعے ڈھاکا پہنچانے کا انتظام کر لیا گیا، کرکٹ بورڈ اعلامیے کے مطابق جہاز اتوار کی صبح بنگلہ دیش جائے گا اور میچ کے بعد رات کو ہی واپسی ہو جائے گی۔ ٹیم کی شاندار کارکردگی نے آئی لینڈرز میں کرکٹ کا جنون بڑھا دیا ہے، بڑی تعداد میں بھارتی بھی فائنل دیکھنے کیلیے ڈھاکا کا سفر کریں گے۔