باغیوں سے رہائی پانے والے مارننگ گلوری کے 5 پاکستانی وطن واپس پہنچ گئے

ہفتہ 5 اپریل 2014 11:34

باغیوں سے رہائی پانے والے مارننگ گلوری کے 5 پاکستانی وطن واپس پہنچ گئے

لاہور(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 5اپریل 2014ء) لیبیا کے باغیوں سے رہائی پانے والے مارننگ گلوری کے پاکستانی کپتان نعمان بیگ وطن واپس پہنچ گئے ہیں۔لیبیا سے وطن واپس پہنچنے پر لاہور کے علامہ اقبال انٹر نیشنل ایئر پورٹ پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے نعمان بیگ کا کہنا تھا کہ خیریت سے وطن واپس پہنچنے پر سب سے پہلے اللہ کا شکر گزار ہوں اس کے بعد پاکستانی قوم اور گھر والوں کا شکریہ ادا کرتا ہوں جنھوں نے واپسی کے لئے دن رات دعائیں کیں، پاکستانی میڈیا نے بھی رہائی میں اہم کردار ادا کیا۔

ان کا کہنا تھا کہ مارننگ گلوری کے دیگر4 پاکستانی ساتھی بھی آج ہی کراچی پہنچ رہے ہیں۔

نعمان بیگ کا کہنا تھا کہ جہاز کے اغوا ہونے سے وطن واپسی تک بہت سی مشکلات کا سامنا کرنا پڑا، لیبیا میں پاکستانی سفارت خانے نے وطن واپسی میں اہم کردار ادا کیا۔

(جاری ہے)

کیپٹن نعمان کا کہنا تھا کہ جہاز کے کپتان کی حیثیت سے عملے کے تمام 21 افراد کی حفاظت کی ذمہ داری میری ہے، جب تک تمام عملہ خیریت سے اپنے گھروں کو نہیں پہنچ جاتا اس وقت تک سکون نہیں ملے گا، لیبیا میں دیگر ساتھیوں کی رہائی کے لئے بھی کوششیں جاری ہیں۔

مارننگ گلوری میں لاکھوں بیرل تیل کی موجودگی کے حوالے سے پوچھے گئے سوال پر کیپٹن نعمان بیگ کا کہنا تھا کہ وہ اس وقت ان سوالوں کا جواب دے کر دیگر ساتھیوں کی زندگیوں کو خطرے میں نہیں ڈال سکتے، وقت آنے پر ان تمام باتوں کا جواب دوں گا۔

واضح رہے کہ لیبیا کے باغیوں کے ہاتھوں ہائی جیک ہونے والے مارننگ گلوری کو امریکی بحریہ نے کارروائی کرکے گزشتہ ماہ آزاد کروا لیا تھا لیکن حکومت اور باغیوں کے درمیان کشیدگی کے باعث جہاز کے عملے کو کئی روز تک لیبیائی حکام نے اپنی تحویل میں رکھا اور یکم اپریل کو 5 پاکستانیوں کو پاکستانی سفارت خانے کے حوالے کیا گیا تھا جب کہ جہاز کے پاکستانی چیف آفیسر غفران مرغوب کو لیبیا میں ہی روکا گیا ہے۔