Live Updates

اصولوں پر سمجھوتہ نہیں کریں گے،اراکین اسمبلی کے جائز مطالبات پورے کئے جائیں گے، عمران خان،ناراض اراکین اسمبلی کا عمران خان کی قیادت پر مکمل اعتماد کا اظہار، بعض وزراء کے خلاف شکایات، کوئی سمجھتا ہے کہ وہ مجھے بلیک میل کریگا تو اس کی خوش فہمی ہے، ناراض اراکین اسمبلی کی بنی گالہ میں پارٹی چیئرمین سے ملاقات ۔ تفصیلی خبر

جمعہ 4 اپریل 2014 22:22

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔4اپریل۔2014ء) پاکستان تحریک انصاف خیبر پخونخواہ کے ناراض اراکین اسمبلی نے پارٹی چیرمین عمران خان سے ان کی راہائش گاہ پر ملاقات کر کے ان کو اپنے تحفظات سے آگاہ کیا۔ پارٹی چیرمین نے اراکین کے مسائل کو غور سے سنا اور انہیں حل کرنے کی یقین دہانی کرائی۔دو گھنٹے سے زائد جاری رہنے والی ملاقات میں پندرہ اراکین اسمبلی نے دو ٹوک انداز میں پارٹی چیرمین پر مکمل اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہ پارٹی میں کسی دھڑے بندی کے قائل نہیں۔

ان کی ناراضگی کی وجہ صوبے میں حقیقی تبدیلی کے لیے آواز بلند کرنا ہے۔وزارت کا حصول ان کا مقصد نہیں ۔اراکین اسمبلی نے صوبائی حکومت کا پارٹی منشور پر عملدرآمدنہ کر نے ، ترقیاتی کاموں میں مخصوص اراکین کو نوازنے ، علاقائی امتیاز برتے جانے، صوابدیدی فنڈز کی سیاسی بنیادوں پر تقسیم اور تقرریوں اور تعیناتیوں اور پسند اور نہ پسند رویہ اختیار کرنے پر صوبائی حکومت کو تنقید کا نشانہ بنا یا۔

(جاری ہے)

پارٹی چیرمین عمران خان نے ان کے جائز مطالبات حل کرنے یقین دہانی کراتے ہوئے کہا کہ ان کی اولین خواہش ہے کہ خیبر پختونخواہ ایک ماڈل صوبے کے طور پر سامنے آئے یہاں کے باسیوں نے سب سے زیادہ مصائب برداشت کیے ہیں انہیں ریلیف فراہم کرنا ہم سب کی ذمہ داری ہے ہم اداروں کی مضبوطی پر یقین رکھتے ہیں۔ عمران خان نے واضح کیا کہ اگر کسی نے ذاتی مفاد کے لیے مجھے بلیک میل کرنے کی کوشش کی تو وہ یا تو مجھے جانتے نہیں یا خوش فہمی کا شکار ہیں۔

جاری ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ وہ تعمیر و ترقی میں کسی بھی قسم کے علاقائی تعصب کو برداشت نہیں کریں گے۔انہوں نے اراکین اسمبلی سے جلد دوبارہ ملاقات کا وعدہ کر تے ہوئے کہا کہ وہ اس عرصے میں ان کی شکایات کا تفصیلی جائزہ لیں گے۔ اس موقع پر پارٹی کے صوبائی صدر اعظم سواتی ،پارٹی راہنمااسد عمر ، صوبائی سیکرٹری جنرل خالد مسعود اور نعیم الحق بھی موجود تھے۔ جبکہ صوبائی اراکین اسمبلی کی نمائندگی قربان علی اور ڈپٹی سپیکر امتیاز علی قریشی کر رہے تھے۔

Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات

متعلقہ عنوان :