اسلامی دنیا کٹھن موڑ پر کھڑی ہے، آج ایسے ہی حالات ہمارے خطے میں چل رہے ہیں، آصف علی زرداری ،مسلمان دنیا پر مصیبت آئی تو پاکستان نے مشکل کا مقابلہ کیا ،سمجھ نہیں آرہا دنیا کس طرف چل رہی ہے، آج کی شام بلاول کے نام ،35 سال میں آج پہلی دفعہ وقت تبدیل کیا گیا، جو بھٹو کے نواسے کی ہمت تھی، ذوالفقار علی بھٹو نے قوم سے جو بھی وعدے کئے وہ پورے کئے، ذوالفقار علی بھٹو ایک سوچ، فلسفے اور نظام کا نام تھا، وزیراعلیٰ سندھ

جمعہ 4 اپریل 2014 22:07

لاڑکانہ (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔4اپریل۔2014ء) پاکستان پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین اور سابق صدر آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ اس وقت اسلامی دنیا ایک کٹھن موڑ پر کھڑی ہے، آج ایسے ہی حالات ہمارے خطے میں چل رہے ہیں۔ مسلمان دنیا پر مصیبت آئی تو پاکستان نے مشکل کا مقابلہ کیا لیکن اس مشکل میں خود کو نہیں ڈالا۔ اس وقت سمجھ نہیں آرہا کہ دنیا کس طرف چل رہی ہے۔

جمعہ کی شام پاکستان پیپلز پارٹی کے بانی چیئرمین اور سابق وزیراعظم ذوالفقار علی بھٹو کی 35 ویں برسی کے موقع پر گڑھی خدا بخش میں ایک بڑے جلسہ عام سے اپنے مختصر سے خطاب میں آصف علی زرداری نے کہا کہ آج کی شام بلاول کے نام 35 سال میں آج پہلی دفعہ وقت تبدیل کیا گیا، جو بھٹو کے نواسے کی ہمت تھی۔ انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی پر ایک بڑا قرض بھی ہے اور امتحان بھی۔

(جاری ہے)

شہید کبھی مرا نہیں کرتے۔ یہ ہمارے ساتھ ہیں۔ ہمیں مسائل سے غافل نہیں رہنا چاہئے۔ ہمیں پاکستان کو بچانے کی سوچ رکھنی چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ ملک کو فرقہ واریت سے بچانے کی ضرورت ہے۔ پاکستان کو بچانے کے لئے تمام دوستوں سے بات کریں گے۔ تمام دانشوروں سے یہ سوال کروں گا کہ پاکستان کو کس طرف چلنا چاہئے۔ وزیراعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ نے اپنے خطاب میں کہا کہ ذوالفقار علی بھٹو نے قوم سے جو بھی وعدے کئے وہ پورے کئے، ذوالفقار علی بھٹو ایک سوچ، فلسفے اور نظام کا نام تھا۔

ذوالفقار علی بھٹو بیروز نوجوانوں کے لئے امید کی کرن تھے۔ بدقسمتی سے ذوالفقار علی بھٹو آج ہم میں موجود نہیں ہیں لیکن ان کا فلسفہ اور سوچ پر پاکستان پیپلز پارٹی عمل پیرا ہے۔ یہ پیپلز پارٹی کی ہی حکومت ہے کہ جس نے لاکھوں کی زمین مفت میں دی۔ یہ کارنامہ ان کے پیروکار ہی انجام دے سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عوام بہترین انصاف کرنیو الے ہیں۔