یوسف رضا گیلانی اور سلمان تاثیر کے بیٹوں کو نہ چھوڑا گیا تو دمادم مست قلندرکرکے دکھائیں گے،سید خورشید شاہ ،ہم وہ جمہوریت نہیں چاہتے جس سے آمریت جنم لے ،پیپلزپارٹی نے اس لیے قربانیاں نہیں دیں کہ اسے نوجوانوں کو بیروزگار کیا جائے،قائد حزب اختلاف،میاں برادران نے کہا تھا کہ ہم تین مہینے میں لوڈ شیڈنگ ختم نہ کرسکیں تو ہمارا نام بدل دیں ،انہوں نے نام نہیں بدلا تو میں ان کا نام سوچ رکھا ہے ،اعتزاز احسن کا گڑھی خدابخش میں جلسے سے خطاب

جمعہ 4 اپریل 2014 21:20

گڑھی خدا بخش(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔4اپریل۔2014ء) قائد حزب اختلاف سید خورشید احمد شاہ نے کہا ہے کہ یوسف رضا گیلانی اور سلمان تاثیر کے بیٹوں کو نہ چھوڑا گیا تو دمادم مست قلندرکرکے دکھائیں گے ۔طالبان سے مذاکرات کرنے ہیں تو کریں ۔میاں صاحب یہ کون سے ڈائیلاگ ہیں ۔طالبان کہتے ہیں کہ گیلانی اور سلمان تاثیر کے بیٹوں کو رہا نہیں کریں گے ۔

ہم وہ جمہوریت نہیں چاہتے جس سے آمریت جنم لے ۔وہ جمعہ کو گڑھی خدا بخش میں پاکستان پیپلزپارٹی کے بانی ذوالفقار علی بھٹو کی 35ویں برسی کے موقع پر منعقدہ جلسہ عام سے خطاب کررہے تھے ۔انہوں نے کہا کہ آج پھر پرائیویٹائزیشن کی طرف جارہے ہیں ۔پیپلزپارٹی نے پرائیویٹائزیشن کا خاتمہ کیا ۔پیپلزپارٹی نے جن کو روزگار دیا تھا آج ان کو بے روزگار کیا جارہا ہے۔

(جاری ہے)

پیپلزپارٹی نے اس لیے قربانیاں نہیں دیں کہ اسے نوجوانوں کو بیروزگار کیا جائے ۔انہوں نے کہا کہ ہم وہ جمہوریت نہیں چاہتے جس سے آمریت جنم لے ۔ہماری جمہوریت کو ہماری کمزوری نہ سمجھا جائے ۔دریں اثناء پاکستان پیپلزپارٹی کے مرکزی رہنما اور سینیٹ میں قائد حزب اختلاف سینیٹر اعتزاز احسن نے جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مسجدوں ،امام بارگاہوں اور گرجا گھروں کو اڑایا جارہا ہے اور قتل عام جاری ہے ۔

درس گاہوں کوبھی دہشت گردوں نے اپنے نشانے پر رکھا ہوا ہے ۔انہوں نے کہا کہ ذوالفقار علی بھٹو نے پاکستان اور غریبوں کو مضبوط کرنے کی بات کی ۔ذوالفقار علی بھٹو کی قبر پر کارکن آج بھی اپنے درد اور غم لے کر آتے ہیں ۔انہوں نے میاں برادران کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ میاں برادران نے کہا تھا کہ ہم تین مہینے میں لوڈ شیڈنگ ختم کردیں گے ۔اگر لوڈ شیڈنگ ختم نہ کی تو ہمارا نام بدل دیا جائے ۔لیکن آج تک لوڈ شیڈنگ ختم نہیں ہوئی ۔میاں صاحب اپنا نام خود ہی بدل لیں اورنئے نام سے اپنا شناختی کارڈ بنوالیں ۔اگر میاں صاحب نے اپنا نام نہیں بدلا تو میں نے تین نام سوچ رکھے ہیں ۔وہ نام میں کسی اور فورم پر بتاوٴں گا ۔