جی ایس پی سٹیٹس ملنے کے مثبت نتائج سامنے آنا شروع ہوگئے ،پہلے دو ماہ میں پاکستان کی ٹیکسٹائل برآمدات میں2ارب ڈالر کا اضافہ ہوا ‘ گورنر پنجاب ،ٹیکسٹائل کی صنعت کو ہماری معیشت میں کلیدی حیثیت حاصل ہے ، اس سیکٹر سے استفادہ کر کے ملک میں روز گار کے لاکھوں مواقع پیدا کیے جا سکتے ہیں،ملک کا مستقبل اورامید کی کرن ہمارے ان قابل اور ذہین طلبا و طالبات سے وابستہ ہے‘ چوہدری محمد سرور کی گفتگو

جمعہ 4 اپریل 2014 20:48

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔4اپریل۔2014ء) گورنر پنجاب چوہدری محمد سرورنے کہا ہے کہ ٹیکسٹائل کی صنعت کو ہماری معیشت میں کلیدی حیثیت حاصل ہے ، اس سیکٹر سے بھرپور استفادہ کر کے نہ صرف تجارتی خسارے کو کم کرنے میں مدد مل سکتی ہے بلکہ ملک میں روز گار کے لاکھوں مواقع بھی پیدا کیے جا سکتے ہیں ،یورپی منڈیوں میں جی ایس پی سٹیٹس ملنے کے مثبت نتائج سامنے آنا شروع ہوگئے ہیں اور رواں سال کے پہلے دو ماہ میں پاکستان کی ٹیکسٹائل برآمدات میں دو ارب ڈالر کا اضافہ ہوا ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے ٹیکسٹائل کے وفاقی وزیر عباس آفریدی سے گفت گو کرتے ہوئے کیا جنہو ں نے گورنر ہاؤس لاہور میں ان سے ملاقات کی۔گورنر پنجاب نے کہا کہ 717 ارب ڈالر کی ٹیکسٹائل کی عالمی برآمدات میں پاکستان کا حصہ صرف تیرہ ارب ڈالر ہے جو آٹے میں نمک کے برابر ہے،اگر ٹیکسٹائل برآمدات کو اس کے موجود امکانات کے مطابق وسعت دی جائے تو ہمیں نہ تو کسی عالمی قرضے کی ضرورت ہے اور نہ ہی امداد کی۔

(جاری ہے)

انہو ں نے کہا کہ وزیر اعظم محمد نواز شریف اور ان کی پوری اقتصادی ٹیم ٹیکسٹائل صنعت کی ترقی اور برآمدات کے فروغ کے لیے پرعزم ہے اور اس مقصد کے لیے ذاتی طور پر دلچسپی لے رہے ہیں۔ٹیکسٹائل کے وفاقی وزیر عباس آفرید ی نے کہا کہ کپاس کی کاشت میں اضافے کے لیے کسانو ں کو ترغیبات دینا ہو ں گی کیونکہ ٹیکسٹائل مصنوعات کا براہ راست انحصار کپاس کی پیداوار پرہے ۔

انہو ں نے کہا کہ پاکستان میں کپاس کی پیداوار تیرہ لاکھ بیلزمیں حاطر خواہ اضافہ کیا جا سکتا ہے جس سے نہ صرف ٹیکسٹائل مصنوعات کی برآمدات میں اضافہ ہو گا بلکہ روزگار کے مواقع بھی پیدا ہوں گے ۔ بعد ازاں، گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور نے مقامی ہوٹل لاہور میں قاضی گروپ آف سکولز کے سالانہ تقسیم انعامات کی تقریب میں مہمان خصوصی شرکت کی اور پوزیشن ہولڈرز طلبا و طالبات میں انعامات تقسیم کئے۔

تقریب میں پرنسپل /چیئرمین قاضی گروپ آف سکوز محمد نعیم انجم نے ادارے کی کارکردگی کے بارے میں تفصیلاً روشنی ڈالی۔ اس موقع پر تقریب سے خطاب کرتے ہوئے گورنر پنجاب نے کہا کہ ملک کا مستقبل اورامید کی کرن ہمارے ان قابل اور ذہین طلبا و طالبات سے وابستہ ہے۔انہوں نے کہا کہ ہمارے طلباء کی قابلیت یورپ کے کسی بھی بچے یا بچیوں سے کم نہیں۔انہوں نے کہا کہ یہی بچے آگے چل کر ملک کی تعمیر و ترقی میں اپنا اہم کردار ادا کریں گے۔

گورنر پنجاب نے کہا کہ یہ بھی حقیقت ہے کہ ہم تعلیم کے میدان میں دُنیا میں سب سے پیچھے ہیں یہاں تک کہ بنگلادیش بھی اس شعبے میں ہم سے آگے ہے۔ گورنر نے کہا کہ یہ ہماری بدقسمتی ہے کہ 7ملین بچوں نے ابھی تک سکول کا دروازہ نہیں دیکھا اور اس میں 4ملین بچیاں بھی ہیں جو تعلیم حاصل نہیں کررہیں ۔گورنر نے کہا کہ وزیر اعظم محمد نواز شریف نے وعدہ کیا ہے کہ آئندہ چار سالوں میں تعلیم کے شعبے میں خصوصی توجہ دی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ شرح خواندگی میں خاطر خواہ اضافہ ہی ملک کی ترقی میں ممدد معاون ثابت ہو سکتا ہے اور یہ کام سرکاری اور نجی سکولوں کے باہمی تعاون سے ہی ممکن ہے۔