مسلم لیگ (ن) کی حکومت تمام ہمسایہ ممالک سے بہترین تعلقات کی پالیسی پر عمل پیرا ہے‘ محمد شہباز شریف،بھارت کیساتھ کشمیر سمیت تمام متنازع امور بامقصد بات چیت سے حل کرنے کی ضرورت ہے‘ وزیراعلیٰ پنجاب

جمعہ 4 اپریل 2014 20:02

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔4اپریل۔2014ء) وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) کی حکومت تمام ہمسایہ ممالک سے بہترین تعلقات کی پالیسی پر عمل پیرا ہے، پاکستان خطے کے تمام ممالک سے بہترین دوستانہ تعلقات چاہتا ہے،بھارت کے ساتھ کشمیر سمیت تمام متنازع امور بامقصد بات چیت سے حل کرنے کی ضرورت ہے-پاکستان اور بھارت کو ماضی سے نکل کر آگے بڑھنا ہے ۔

وزیراعلیٰ محمد شہباز شریف نے ان خیالات کا اظہار واشنگٹن میں قائم تھنک ٹینک ساؤتھ ایشیاسینٹر کے شجاع نوازسے گفتگو کرتے ہوئے کیا جنہوں نے جمعہ کے روز یہاں ان سے ملاقات کی۔ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور، پاک بھارت تعلقات اور خطے کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ صوبائی وزیرآبپاشی یاور زمان ، صوبائی وزیر صنعت محمد شفیق، ایم پی اے ڈاکٹر عائشہ غوث پاشا، سیکرٹری صنعت، سیکرٹری اطلاعات، چیئرمین پنجاب سرمایہ کاری بورڈ اور متعلقہ افسران بھی اس موقع پر موجود تھے۔

(جاری ہے)

وزیراعلی محمد شہباز شریف نے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان وفود کے زیادہ سے زیادہ تبادلے ہونے چاہئیں۔ دونو ں ملکوں کے درمیان باہمی تجارت کے حجم میں اضافہ وقت کی ضرورت ہے۔ پاکستان میں توانائی کی قلت کا ذکر کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ توانائی بحران پر قابو پانے کیلئے تیز رفتاری سے کام کیا جا رہا ہے۔ حکومت نے توانائی بحران سے نمٹنے کیلئے کوئلے سے پاور پلانٹس لگانے کیلئے 6 مقامات کا انتخاب کیا ہے اور چین کے معروف گروپ نے ساہیوال میں کول پاور پلانٹس لگانے میں گہری دلچسپی کا اظہار کیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ چین پاکستان کی ترقی و خوشحالی میں بھرپور کردار ادا کر رہا ہے۔ چین کی طرف سے پاکستان میں توانائی سمیت مختلف شعبوں میں 32 ارب ڈالر کا سرمایہ کاری پیکیج اس کا واضح ثبوت ہے۔ چین کی متعدد کمپنیاں پہلے ہی توانائی کے مختلف منصوبوں پر کام کر رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم محمد نواز شریف کی قیادت میں پاکستان مسلم لیگ (ن) کی حکومت کے بروقت اور ٹھوس اقدامات سے معاشی صورتحال بہتر ہو رہی ہے اور غیرملکی سرمایہ کاری میں اضافہ ہوا ہے۔

توانائی، انفراسٹرکچر اور دیگر شعبوں میں غیرملکی سرمایہ کاروں کو سرمایہ کاری پر خصوصی مراعات فراہم کی جا رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پانی اللہ تعالیٰ کی ایک انمول نعمت ہے جس کا ضیاع روکنا ہر شہری کا فرض ہے۔ واٹر مینجمنٹ کو بہتر بنا کر پانی کے وسائل کو بچایا جا سکتا ہے۔ حکومت پانی سے بجلی پیدا کرنے پر بھی خصوصی توجہ دے رہی ہے، یہی وجہ ہے کہ داسو ڈیم کی تعمیر کی منظوری دی جا چکی ہے۔ ملک میں پانی کے مزید ذخائر بنانے کیلئے کام کیا جا رہا ہے۔ اس موقع پر شجاع نواز نے کہا کہ پاکستان میں جمہوری عمل کا تسلسل خوش آئند ہے اور پاکستان اور بھارت کے درمیان بہترین تعلقات خطے کے استحکام کیلئے ضروری ہیں۔