پاکستان اور ارجنٹائن کے درمیان دوطرفہ تعلقات کو مزید فروغ دینے کی ضرورت ہے ، صدر ممنون حسین

جمعہ 4 اپریل 2014 19:41

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔4اپریل۔2014ء) صدر ممنون حسین نے کہا ہے کہ پاکستان اور ارجنٹائن کے درمیان دوطرفہ تعلقات کو مزید فروغ دینے کی ضرورت ہے ، تجارت اور معیشت کے میدان میں باہمی تعاون کو وسعت دینے کی نئی راہیں تلاش کرنے کیلئے دونوں اطراف کو مربوط کوششیں کرنی چاہئیں ،پارلیمانی وفود میں باقاعدہ تبادلوں سے عوامی سطحوں پر روابط کو تقویت دینے کے علاوہ دونوں ممالک کے درمیان بہتر افہام و تفہیم پیدا کرنے میں مدد ملے گی۔

وہ ارجنٹائن کے وفاقی سیکرٹری خارجہ امور ایڈورڈ انتونیو زوین سے گفتگو کررہے تھے پاکستان میں ارجنٹائن کے سفیر روڈولفو مارٹن سراویا اور ارجنٹائن کی وزارت خارجہ امور کے سفیر سلیسٹے کوچ بھی اس موقع پر موجود تھے۔ صدر نے کہا کہ پاکستان اور ارجنٹائن کے درمیان قریبی اور دوستانہ تعلقات استوار ہیں تاہم باہمی تجارت اور اقتصادی روابط کو مزید فروغ دینے کی ضرورت ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے دونوں ممالک کے درمیان موجود تجارت کی حقیقی صلاحیت سے استفادہ کرنے کے لئے مختلف سطحوں پر کثرت سے دوطرفہ تبادلوں پر بھی زور دیا۔ صدر نے امید ظاہر کی کہ دوطرفہ سیاسی مشاورت کے تیسرے دور کے لئے ارجنٹائن کے سیکرٹری خارجہ کے دورے سے مختلف شعبوں میں تعاون کے نئے شعبوں کی نشاندہی میں مدد ملے گی۔ صدر نے اقوام متحدہ اور دیگر بین الاقوامی فورموں پر پاکستان اور ارجنٹائن کے درمیان قریبی تعاون پر اطمینان کا اظہار کیا۔

انہوں نے ارجنٹائن کی قومی کانگریس میں ارجنٹائن پاکستان پارلیمانی دوستی گروپ کے دوبارہ آغاز کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان نے بھی قومی اسمبلی میں پارلیمانی فرینڈشپ گروپ کی تشکیل نو کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پارلیمانی وفود میں باقاعدہ تبادلوں سے عوامی سطحوں پر روابط کو تقویت دینے کے علاوہ دونوں ممالک کے درمیان بہتر افہام و تفہیم پیدا کرنے میں بھی مدد ملے گی۔ ایڈورڈ انتونیو زوین نے ملاقات پر صدر کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان 63 سالہ تعلقات مثالی ہیں جبکہ دونوں ممالک مختلف بین الاقوامی فورموں پر یکساں موقف رکھتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ارجنٹائن پاکستان کے ساتھ مختلف شعبوں میں اپنے تعلقات کو وسعت دینے اور متنوع بنانے کا خواہاں ہے۔

متعلقہ عنوان :