چوتھا اور سب سے بڑا این آر او تیار ،مہمان جانے اور میزبان استقبال کیلئے تیاریاں مکمل کئے ہوئے ہیں ‘ بابر اعوان،بھٹو کیس عدالتی تاریخ پر سیاہ دھبہ ہے اسے مٹانے کیلئے سپریم کورٹ سے اسکی جلد سماعت کی اپیل کرتا ہوں ‘سابق وفاقی وزیر

جمعہ 4 اپریل 2014 19:32

چوتھا اور سب سے بڑا این آر او تیار ،مہمان جانے اور میزبان استقبال کیلئے ..

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔4اپریل۔2014ء) سابق وفاقی وزیر قانون سینیٹر ڈاکٹر بابر اعوان نے کہا ہے کہ قوم کو جنرل (ر)پرویز مشرف ٹرائل کے حوالے سے آگاہ کر دینا چاہتا ہوں کہ چوتھا اور سب سے بڑا این آر او تیار ہو چکا ہے جسکے تحت مہمان جانے اور میزبان اسکے استقبال کے لئے تیاریاں مکمل کئے ہوئے ہیں ،بھٹو کیس عدالتی تاریخ پر سیاہ دھبہ ہے اسے مٹانے کے لئے سپریم کورٹ سے اسکی جلد سماعت کی اپیل کرتا ہوں ۔

جمعہ کے روز لاہور ہائیکورٹ کے احاطے میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سینیٹر بابر اعوان نے کہا کہ سابق چیف جسٹس آف پاکستان افتخار محمد چوہدری نے ایل ایف او کو تحفظ فراہم کیامگر صرف ایک ادارے کے چیف کا ٹرائل کیا جا رہا ہے،میرے علم کے مطابق آرٹیکل 25تقاضہ کرتا ہے کہ 2000ء اور 2007 ء میں ایل ایف او کو تحفظ فراہم کرنے والے اداروں کے سابق سربراہوں کا بھی آرٹیکل 6کے تحت ٹرائل کیا جائے۔

(جاری ہے)

اس حوالے سے وزیر دفاع خواجہ آصف کا بیان خوش آئند ہے ۔

انہوں نے پرویز مشرف کے ٹرائل کے حوالے سے سوال کے جواب میں کہا کہ سابق ادوار میں دو این آر اوز آئے ،موجودہ حکومت نے غیر ریاستی عناصر سے تیسرے این آر او کیا اور انکے قید ی رہا کر دئیے ۔میں قوم کو آگاہ کر دینا چاہتا ہوں کہ چوتھا اور سب سے بڑا این آر او تیار ہو چکا ہے جسکے ساتھ ہی مہمان جانے اور میزبان استقبال کے لئے تیاریاں مکمل کئے ہوئے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ ذوالفقار علی بھٹو نے جمہوریت کی آبیاری کے لئے اپنی جان کی قربانی دی ۔ بھٹو کا قتل عدالتی تاریخ پر سیاہ دھبہ ہے اسے مٹانے کے لئے سپریم کورٹ سے اسکی جلد سماعت کی اپیل کرتا ہوں ۔