انشاء اللہ جلد ملک میں خون خرابہ مکمل طورپر ختم وہ جائیگا ، رہا کئے گئے 16 افراد طالبان کی فہرست میں شامل نہیں تھے ،مولانا یوسف شاہ

جمعہ 4 اپریل 2014 16:38

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 4اپریل 2014ء) کالعدم تحریک طالبان کی مذاکراتی کمیٹی کے رکن مولانا یوسف شاہ نے کہاہے کہ انشاء اللہ جلد ملک میں خون خرابہ مکمل طورپر ختم وہ جائیگا ، رہا کئے گئے 16 افراد طالبان کی فہرست میں شامل نہیں تھے۔ایک انٹرویو میں مولانا یوسف شاہ نے کہاکہ پولیٹیکل ایجنٹ جنوبی وزیرستان نے جن لوگوں کو رہا کیا وہ طالبان قیدی نہیں، عام شہری ہیں، جنہیں رہا کیا وہ طالبان کی فہرست میں بھی شامل نہیں تھے، طالبان نے 700 کے قریب غیر عسکری قیدیوں کی فہرست دی ہے، ان لوگوں کی رہائی کا مطالبہ مذاکراتی عمل کو پائیدار بنانے کیلئے کیا گیا۔

انہوں نے کہا کہ پولیٹیکل ایجنٹ روزانہ لوگوں کو پکڑتے اور چھوڑتے ہیں، مولوی فضل اللہ طالبان شوریٰ سے مسلسل رابطے میں ہیں، طالبان کی جانب سے یقین دہانی کرائی گئی کہ پاکستان میں امن دیکھنا چاہتے ہیں، خالد عمر خراسانی نے کوئی بیان نہیں دیا، انہوں نے ٹوئٹر پر مضمون لکھا، میڈیا نے اپنی پسند کے مطابق چند جملے لے لئے، میڈیا کو چاہئے کہ اچھی باتوں کو ہائی لائٹ کرے۔

(جاری ہے)

مولانا یوسف نے کہاکہ قوم اس وقت مشکل صورتحال میں ہے، مذاکرات پر یقین رکھتے ہیں، بات چیت کی کامیابی سے پاکستان میں خون خرابہ ہمیشہ کیلئے ختم ہوجائیگا، خالد عمر خراسانی نے یقین دلایا کہ وہ تحریک طالبان کے فیصلوں کے پابند ہیں۔انہوں نے کہاکہ قیدیوں سے متعلق کمیٹیوں کے درمیان تبادلہ خیال ہورہا ہے، ہم چاہتے ہیں کہ دونوں جانب سے قیدیوں کو رہا کردیا جائے، ہماری کوشش ہے کہ سیکیورٹی اہلکاروں کے گلے کاٹنے جیسے واقعات دوبارہ رونما نہ ہوں۔

متعلقہ عنوان :