شہباز شریف سابق صدر کو بیرون ملک بھجوانے کے حق میں ہیں، کچھ لیگی رہنما نواز شریف کو روک رہے ہیں ،احمد رضا قصوری ،ای سی ایل سے نام نکالنے کیلئے ایک یا دو روز میں ہائی کورٹ یا سپریم کورٹ میں درخواست دائر کریں گے ،میڈیا سے گفتگو

جمعرات 3 اپریل 2014 22:53

شہباز شریف سابق صدر کو بیرون ملک بھجوانے کے حق میں ہیں، کچھ لیگی رہنما ..

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔3اپریل۔2014ء) جنرل (ر) پرویز مشرف کے وکیل احمد رضا قصوری نے کہا ہے کہ شہباز شریف سابق صدر کو بیرون ملک بھجوانے کے حق میں ہیں، تاہم کچھ مسلم لیگی رہنماء نواز شریف کو ایسا کرنے سے روک رہے ہیں۔

(جاری ہے)

جمعرات کو چک شہزاد میں سابق صدر کے فارم ہاوٴس کے باہر میڈیا سے گفتگو میں احمد رضا قصوری نے کہا کہ پرویز مشرف کو 5 سالہ خفیہ معاہدہ کی پیشکش کی گئی تاہم انہوں نے اس پر دستخط کرنے سے انکار کردیا، معاہدے کے تحت سابق صدر 5 سال تک سیاست کرسکتے تھے اور نہ ہی وطن واپس آسکتے تھے۔

انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن )کے کچھ رہنماء اس معاہدے کے حامی تھے اور شہباز شریف نے بھی پرویز مشرف کا نام ای سی ایل سے نکالنے کا مشورہ دیا، جس کی کچھ رہنماوٴں نے مخالفت کی۔احمد رضا قصوری نے کہا کہ پرویز مشرف کے پاس باہر جانے کیلئے 2 راستے ہیں، ایک تو انہیں ایگزیکٹیو سے اجازت لینا ہوگی، جس کا انکار ہوچکا ہے، دوسرا وہ عدالتوں سے رجوع کرسکتے ہیں، عدالت سے رجوع کرنے پر مشاورت جاری ہے، ایک یا دو روز میں ہائی کورٹ یا سپریم کورٹ میں درخواست دائر کریں گے۔