چنیوٹ سے اعلی معیار کا لوہا برآمد ہوا تو نہ صرف علاقے بلکہ ملک کی تقدیر بدل جائے گی‘ وزیراعلی شہبازشریف، صوبے میں موجود معدنی وسائل کی دریافت اور ان کے استعمال کیلئے ٹھوس حکمت عملی کے تحت زیر زمین معدنیات کو بروئے کار لایا جائیگا، چینی کمپنی نے کم سے کم مدت میں لوہے کے ذخائر کے استعمال کے منصوبے کی تکمیل کا یقین دلایا ہے‘ وزیر اعلیٰ پنجاب ایم سی سی کے وفد سے گفتگو

جمعرات 3 اپریل 2014 20:49

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔3اپریل۔2014ء) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ پنجاب حکومت نے صوبے میں موجود معدنی وسائل کی دریافت اور ان کے استعمال کیلئے ٹھوس حکمت عملی اختیار کی ہے جس کے تحت زیر زمین کوئلے، لوہے اور دیگر معدنیات کو بروئے کار لایا جائے گا، چنیوٹ کے علاقے رجوعہ میں اربوں ڈالر کے خام لوہے کا خزانہ موجود ہے، چینی کمپنی سے لوہے کے ذخائر دریافت کرنے کیلئے تاریخی معاہدہ کیا گیا ہے۔

لوہے کے ذخائر کی دریافت پر چنیوٹ میں سٹیل مل لگائیں گے جس سے ہزاروں افراد کو روزگار کے مواقع ملیں گے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کے روز میٹالرجیکل کارپوریشن آف چائنہ کے وفد سے ملاقات کے دوران کیا۔ملاقات کرنے والے وفد میں ایم سی سی کے ڈائریکٹر جنرل یو جانگ جی،ڈپٹی چیف ایگزیکٹو آفیسر ہوچن چنگ اور دیگر عہدیداران شامل تھے۔

(جاری ہے)

صوبائی وزیر معدنیات شیر علی خان، چیئرمین منصوبہ بندی و ترقیات اور سیکرٹری معدنیات بھی اس موقع پر موجود تھے۔ملاقات میں چنیوٹ۔رجوعہ میں خام لوہے کے ذخائر کی دریافت کیلئے کئے جانے والے معاہدے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے وزیراعلی نے کہا کہ چین کی قیادت اور عوام پاکستان کے ساتھ خصوصی محبت اور لگاؤ رکھتے ہیں۔

چین کی متعدد کمپنیاں پاکستان کے مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کر رہی ہیں۔ ایم سی سی سے معاہدہ خام لوہے کی تلاش میں اہم پیش رفت ہے۔ یہ بات خوش آئند ہے کہ ایم سی سی نے کم سے کم مدت میں لوہے کے ذخائر کے استعمال کے منصوبے کی تکمیل کا یقین دلایا ہے۔عوامی مفاد کے ایسے منصوبوں کو جلد مکمل کرکے ہی ماضی میں ہونے والی تاخیر کا ازالہ کیا جا سکتا ہے۔

چنیوٹ سے اعلی معیار کا لوہا برآمد ہوا تو نہ صرف علاقے بلکہ ملک کی تقدیر بدل جائے گی۔ پنجاب حکومت منصوبے پر کام کرنے والی چینی کمپنی کو ہرممکن تعاون فراہم کرے گی۔ ملاقات کے دوران بات چیت کرتے ہوئے ڈائریکٹر جنرل ایم سی سی یو جانگ جی نے کہا کہ ان کی کمپنی کو دھاتی معدنیات کی کان کنی کا وسیع تجربہ حاصل ہے اور رجوعہ میں موجود خام لوہے کی برآمد کے منصوبے میں پنجاب حکومت کے ساتھ کئے گئے معاہدے پر تیز رفتاری سے عملدرآمد کیا جائے گا۔

متعلقہ عنوان :