پاک امریکہ کے باہمی اقتصادی روابط میں اضافہ کیلئے امریکہ جامع حکمت عملی کے تحت اقدامات کر رہا ہے ،رچرڈ اولسن ، امریکہ پاکستان سے درآمدات کرنے والا بڑا ملک ہے ، مستقبل میں پاکستان سے درآمدات میں مزید اضافہ کیا جائے گا ،خطاب

جمعرات 3 اپریل 2014 20:44

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔3اپریل۔2014ء) امریکی سفیر رچرڈ اولسن نے کہا ہے کہ پاک امریکہ کے باہمی اقتصادی روابط میں اضافہ کیلئے امریکہ جامع حکمت عملی کے تحت اقدامات کر رہا ہے ، امریکہ پاکستان سے درآمدات کرنے والا بڑا ملک ہے ، مستقبل میں پاکستان سے درآمدات میں مزید اضافہ کیا جائے گا۔وہ جمعرات کو یہاں مقامی ہوٹل میں لیڈرز سمٹ سے خطاب کررہے تھے انہوں نے کہا کہ پاک امریکہ کے باہمی اقتصادی روابط میں اضافہ کیلئے امریکہ جامع حکمت عملی کے تحت اقدامات کر رہا ہے۔

رچرڈ اولسن نے کہا کہ امریکہ پاکستان سے درآمدات کرنے والا بڑا ملک ہے اور مستقبل میں پاکستان سے درآمدات میں مزید اضافہ کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کے ساتھ مل کر آئندہ پانچ سالوں کے دوران کاروباری و سرمایہ کاری روابط میں مزید اضافہ کیا جائے گا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ امریکہ حکومت کے ساتھ مل کر کاروبار کے نئے مواقعوں کی تلاش بھی کر رہا ہے تا کہ پاکستان میں کاروباری سرگرمیوں میں مزید اضافہ کیا جا سکے۔

امریکی سفیر نے کہا کہ ان کا ملک پاکستان میں توانائی بحران کے خاتمہ کیلئے کئی منصوبوں سمیت پانی کی قلت پر قابو پانے کیلئے بھی کئی منصوبوں پر پاکستان کی معاونت کر رہا ہے جن پر کام جاری ہے جبکہ امریکی ادارہ برائے بین الاقوامی ترقی پاکستان میں نجی سرمایہ کاری کو بڑھانے کیلئے کام کر رہا ہے جس سے آنے والے سالوں کے دوران پاکستان کی اقتصادی و سماجی خوشحالی میں اضافہ ہو گا۔

انہوں نے کہا کہ گزشتہ چند سال کے دوران دہشت گردی کی وجہ سے پاکستان میں نجی شعبہ متاثر ہوا اور ترقی کے اہداف کے حصول میں رکاوٹیں آئیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی تاجرو صنعتکار برادری نے گورننس کی بہتری اور ریاست کی مضبوطی کیلئے جامع کردار ادا کیا ہے۔ امریکی سفیر نے کہا کہ پاکستان میں تاجر و صنعتکار برادری میں چھوٹے کاروباری اداروں، خواتین کے اداروں اور کاروباری برادری کی تربیت کیلئے امریکہ قابل ذکر خدمات سرانجام دے رہا ہے جبکہ انٹرپری نیورشپ کی ترقی کے ذریعے اقتصادی ترقی، زراعت کے شعبہ کی استعداد کار اور پیداوار میں اضافہ اور کاروبار کیلئے مالیات تک رسائی کیلئے بھی پاکستان کو معاونت فراہم کی جا رہی ہے۔

امریکی سفیر نے کہا کہ وزیراعظم محمد نواز شریف کی زیر قیادت مسلم لیگ (ن) کی حکومت نے ملک میں اقتصادی و سماجی ترقی، توانائی بحران کے خاتمہ اور کاروبار دوست ماحول کی فراہمی کو یقینی بنانے کیلئے جامع اقدامات کئے ہیں جس کے نتیجہ میں غیر ملکی سرمایہ کاروں کے اعتماد میں اضافہ ہوا ہے۔