پنجاب کی انتظامیہ نے ذوالفقار بھٹو کی برسی کے سلسلہ میں لگائے گئے بینرز اور فلیکسز اتار دئیے ‘ پیپلز پارٹی کا الزام

جمعرات 3 اپریل 2014 13:55

لاہور( اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 3اپریل 2014ء) پیپلز پارٹی کے صوبائی جنرل سیکرٹری تنویر اشرف کائرہ نے الزام عائد کیا ہے کہ پنجاب حکومت کے کہنے پر انتظامیہ نے ذوالفقار علی بھٹو شہید کی برسی کے سلسلہ میں لگائے گئے بینرز اور فلیکسز اتار دئیے اور یہ سلسلہ تاحال جاری ہے،یہ جمہوریت کے ثمرات ہیں کہ قافلوں کے قافلے ذوالفقار علی بھٹو کو خراج عقیدت پیش کرنے کیلئے روانہ ہو رہے ہیں جبکہ ڈکٹیٹر کی قبر پر ایک آدمی بھی نہیں جاتا ۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنی قیادت میں پیپلز پارٹی کے کارکنوں کی ذوالفقار علی بھٹو شہید کی 35ویں برسی کے سلسلہ میں صوبائی سیکرٹریٹ سے روانگی سے قبل میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔ ا س موقع پر دیوان غلام محی الدین‘ فیصل میر‘میاں طارق عزیز ‘ افنان بٹ سمیت دیگر بھی موجود تھے۔

(جاری ہے)

تنویر اشرف کائرہ نے کہا کہ ذوالفقار علی بھٹو شہید کی برسی میں شرکت کیلئے پنجاب بھر سے قافلے گڑھی خدا بخش پہنچیں گے اور اپنے قائد کو خراج عقیدت پیش کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ ہمار امطالبہ ہے کہ بھٹو ریفرنس کیس کا جلد از جلد فیصلہ کیا جائے اور یہ حقیقت سامنے آنی چاہیے کہ عوامی قائد کو کس سازش کے تحت قتل کیا گیا ، ہم اس عدالتی قتل کی مذمت کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت بلاول بھٹو کو لشکری جھنگوی کے دھمکی آمیز خط کو سنجیدگی سے لے اور اس تنظیم کے خلاف کارروائی کی جائے۔ بلاول بھٹو واحد لیڈر ہیں جنہوں نے دہشتگردوں کے خلاف آوازی بلند کی ۔

ہم بتانا چاہتے ہیں کہ پیپلز پارٹی کسی دھمکی سے خوفزدہ ہے اور نہ ایسی دھمکیوں سے ہمیں کمزوور کیا جا سکتا ہے ۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ پنجاب حکومت کی ہدایت پر بھٹو شہید کی برسی کے سلسلہ میں لگائے گئے بینرز او فلیکسز اتار دئیی گئے ہیں اور یہ سلسلہ تاحال جاری ہے۔ ہم مسلم لیگ (ن) والوں سے کہتے ہیں کہ وہ سیاسی برداشت کا مظاہرہ کریں اور دوسری سیاسی جماعتوں کو بھی زندہ رہنے کا حق دیں ۔

متعلقہ عنوان :