یوایس ایڈ نے پاور پلانٹ انجینئرز کے لئے تربیتی پروگرام شروع کر دیا

جمعرات 3 اپریل 2014 13:42

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 3اپریل 2014ء)پاکستان کو توانائی کے شعبے میں مدد فراہم کرنے کے کی غرض سے امریکی ادارہ برائے بین الاقوامی ترقی (یو ایس ایڈ) کے توانائی پالیسی پروگرام نے سرکاری شعبے کے بجلی پیدا کرنے والے تھرمل پلانٹس کے انجینئروں کی استعداد کار بہتر بنانے کے لئے ایک پروگرام شروع کیا ہے جس کے تحت انہیں پلانٹ کا جائزہ لینے، اُس کی مرمت کرنے اور اُسے بہتر حالت میں رکھنے کی تربیت دی جا ئے گی۔

یو ایس ایڈ کے توانائی پالیسی پروگرام کے تحت مظفر گڑھ، گدو اور جامشورو تھرمل پاور پلانٹس کے ساٹھ انجینئر پاور پلانٹ منیجمنٹ کے اس تربیتی پروگرام میں شرکت کریں گے۔ توانائی پالیسی پروگرام کے ڈپٹی چیف آف پارٹی طلحہ جاوید نے بتایا کہ اس تربیت کا مقصد یہ ہے کہ بجلی پیدا کرنے والی کمپنیوں((GENCOs کی آپریشنل اور منیجمنٹ کی صلاحیتوں کو بہترین اورجدیدخطوط پر استوار کیا جا سکے۔

(جاری ہے)

اس طرح بحییثت مجموعی اُن کی کارکردگی کا معیار اور استعدادکار بڑھ جائے گی۔ یہ تربیتی پروگرام پاکستان میں توانائی کی کمی کوپورا کرنے کی یوایس ایڈ کی کوششوں کی نئی کڑی ہے۔یوایس ایڈ کی مالی اعانت سے جاری تھرمل پاور پلانٹس کی بحالی کے رواں پروگرام کے تحت اب تک۷۷۰ میگاواٹ بجلی کی پیداواری صلاحیت بحال کی جا چکی ہے۔ جو اکہتر لاکھ کی آبادی کی ضروریات پوری کر سکتی ہے۔

بجلی پیدا کرنے والی کمپنیوں((GENCOsکی استعداد کار بڑھانے سے بین الاقوامی معیار کے مطابق بہترین حالات کار اپنائے جا سکیں گے۔ یہ تربیت انجینئروں کی صلاحیتوں کو بڑھانے کے ساتھ ساتھ بجلی کے پیداواری یونٹوں کو چلانے اور انہیں فعال رکھنے میں بھی اہم کردار ادا کرے گی یوں پاکستان میں توانائی کے شعبے کی مجموعی کارکردگی بہتر ہو گی۔ یوایس ایڈ کا کئی برسوں پر محیط توانائی پالیسی پروگرام پاکستان کے توانائی کی پیداوار کے ڈھانچے کی بحالی، بجلی کی پیداوار میں اضافے ، نقصانات میں کمی، اور تکنیکی معاونت اور جدید ٹیکنالوجی کے ذریعے حکومت پاکستان کی اصلاحی کوششوں میں مدد دینے کا ایک کثیر الجہتی پروگرام ہے۔