ملک کے مسائل کے حل کیلئے مشاورت اور تعاون کاسلسلہ جاری رکھنے کی ضرورت ہے ‘ وزیر اعظم نواز شریف ،حکومت کی کوشش ہے کہ باہمی اتفاق رائے سے قومی معاملات کو آگے بڑھا یا جائے تاکہ قوم و ملک کو امن و سلامتی کی نوید دی جا سکے ‘ چوہدری نثار ،وزیراعظم نوازشریف ، وزیر داخلہ چودہری نثار علی خان ، جلال الدین عمری اور دیگر رہنماؤں کی سراج الحق کو امیر جماعت منتخب ہونے پرمبارکباد

بدھ 2 اپریل 2014 22:00

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔2اپریل۔2014ء) وزیر اعظم محمد نواز شریف نے سراج الحق کوفون کر کے امیر جماعت اسلامی پاکستان منتخب ہونے پرمبارکباد دی۔وزیر اعظم محمد نواز شریف نے مبارکباد دیتے ہوئے نیک خواہشات کا اظہار کیا اورپاکستان کے بقاء اور سلامتی کے لیے مشترکہ جدوجہد کا اعادہ کیا۔ وزیر اعظم نواز شریف نے کہا کہ ملک کے مسائل کے حل کے لیے مشاورت اور تعاون کاسلسلہ جاری رکھنے کی ضرورت ہے ۔

اس موقع پر سراج الحق نے وزیر اعظم کاشکریہ ادا کیا ۔ وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان نے سراج الحق کے نام مبارک باد کے خط میں قومی معاملات میں جماعت اسلامی کے ہمیشہ مثبت کردار کو زبر دست خراج تحسین پیش کیا اور کہا کہ بطور وزیر داخلہ میں امید رکھتا ہوں کہ ملک و قوم کے وسیع تر مفاد میں روابط ،مشاورت اور معاملات کاموجودہ سلسلہ جاری رہے گا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی پاکستان نومنتخب امیرکی قائدانہ صلاحیتوں سے بھر پور استفادہ کرتے ہوئے جمہوری اقدار کے فروغ اور قومی تعمیر نو میں مزید احسن کردار ادا کرے گی ۔انہوں نے کہا کہ میں اس امر سے بخوبی آگاہ ہوں کہ پاکستان اس وقت اپنی تاریخ کے مشکل دور سے گزر رہا ہے ،حکومت کی یہ کوشش ہے کہ باہمی اتفاق رائے سے قومی معاملات کو آگے بڑھا یا جائے تاکہ قوم و ملک کو امن و سلامتی کی نوید دی جا سکے ۔

جے یو آئی کے مرکزی رہنماء حافظ حسین احمد ، قومی اسمبلی میں جماعت اسلامی کے پارلیمانی لیڈر صاحبزادہ طارق اللہ نے سراج الحق سے ملاقات کی اور امیر جماعت اسلامی پاکستان منتخب ہونے پر مبارکباد دی ۔ امیرجماعت اسلامی ہندسید جلال الدین عمری نے نو منتخب امیر جماعت اسلامی پاکستان سراج الحق کے نام اپنے تہنیتی پیغام میں انہیں امیر جماعت منتخب ہونے پر مبارک باد اور استقامت کی دعا کرتے ہوئے اللہ تعالیٰ سے نصرت طلب کی ہے ،اپنے خط میں سید جلال الدین عمری نے اس امید کا بھی اظہار کیا ہے کہ جماعت اسلامی پاکستان اقامت دین اورملک و قوم کی فلاح کیلئے جو گرانقدر خدمات انجام دے رہی ہے ان میں اضافہ ہوگااور انہیں مزیدفروغ اور استحکام حاصل ہوگا ،انہوں نے توقع کی کہ سراج الحق کی قیادت میں پاکستان سر زمین صحیح معنوں میں اسلام کی سربلندی کا نمونہ پیش کرے گی ،انہوں نے کہا کہ میری دعائیں اور نیک تمنائیں آپ کے ساتھ ہیں ،انہوں نے سابق امیر جماعت سید منورحسن اور دیگر ذمہ داران اور کارکنا ن کیلئے بھی نیک تمناؤں کا اظہار کیا ۔

امیر جماعت اسلامی مقبوضہ جموں و کشمیر کے امیر جماعت اسلامی ،عبداللہ وانی ،تحریک حریت کشمیر کے کنوینئرغلام محمد صفی اور روزنامہ اسلام کے ایڈیٹر کی طرف سے بھی سراج الحق کے نام مبارک باد کے خطوط موصول ہوئے ہیں جن میں اس امید کا اظہار کیا گیا کہ ان کی قیادت میں جماعت اسلامی پاکستان ملک و قوم کو گوناں گوں مسائل سے نجات دلانے کیلئے اپنی خدمات میں مزید بہتری اور نکھار لائے گی۔