کراچی اسٹاک ایکسچینج میں تیزی کا تسلسل جاری ، کے ایس ای 100انڈیکس تاریخ کی نئی بلندترین سطح پر پہنچ گیا،سرمایہ کاری مالیت میں مزید73ارب50کروڑروپے سے زائدکا اضافہ ،کاروباری حجم گزشتہ روز کی نسبت13.49فیصد زائدرہا

بدھ 2 اپریل 2014 21:32

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔2اپریل۔2014ء) کراچی اسٹاک ایکس چینج میں تیزی کا تسلسل جاری کاروباری ہفتے کے تیسرے روزبدھ کو بھی زبردست تیزی رہی اور کے ایس ای 100انڈیکس کی27800,27700,27600اور 27900کی نفسیاتی حد یں عبور کرتا ہواتاریخ کی نئی بلندترین سطح پر بندہوا۔ سرمایہ کاری مالیت میں مزید73ارب50کروڑروپے سے زائدکا اضافہ ،کاروباری حجم گزشتہ روز کی نسبت13.49فیصد زائد جبکہ58.99فیصد حصص کی قیمتوں میں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ۔

حکومتی مالیاتی اداروں،مقامی بروکریج ہاوٴسز سمیت دیگر انسٹی ٹیوشنز کی جانب سے بینکنگ ،آئل ،کیمیکل اورسیمنٹ سیکٹر میں خریداری کے باعث کاروبار کا آغاز مثبت زون میں ہوا ۔ اور ٹریڈنگ کے دوران ایک موقع پر کے ایس ای 100انڈیکس 27959پوائنٹس کی بلند سطح پر بھی ریکارڈ کیا گیا ۔

(جاری ہے)

تاہم فروخت کے دباوٴ اور پرافٹ ٹیکنگ کے باعث کے ایس ای 100انڈیکس مذکورہ سطح پر برقرار نہ رہ سکتا تاہم تیزی کا تسلسل سارا دن جار ی رہا ۔

اسٹاک بروکرز کا کہنا تھا کہ ملکی زرمبادلہ ذخائر میں بہتری یورو بانڈز کی ہونے والی نیلامی آئی ایم ایف کی جانب سے معاشی اصلاحات پر گرین سگنل ملنے سے سرمایہ کاروں کا اعتماد بحال ہو رہا ہے۔جس کے نتیجے میں بدھ کو بھی مقامی سرمایہ کار گروپوں سمیت غیرملکی سرمایہ کار بینکاری سمیت سیمنٹ اور آئل سیکٹر میں دلچسپی لیتے نظر آئے۔مارکیٹ کے اختتام پر کے ایس ای 100انڈیکس366.52پوائنٹس اضافے سے27932.02پوائنٹس پر بند ہوا ۔

مجموعی طور پر378کمپنیوں کے حصص کا کاروبار ہوا ،جن میں سے223کے کمپنیوں کے بھاوٴ میں اضافہ128کمپنیوں کے بھاوٴ میں کمی جبکہ27کے حصص میں استحکام رہا۔ سرمایہ کاری مالیت میں73ارب50کروڑ64لاکھ 11 ہزار267 روپے کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا جبکہ سرمایہ کاری کی مجموعی مالیت بڑھ کر67کھرب26ارب17کروڑ10لاکھ 90ہزار214روپے ہوگئی ۔بدھ کو کاروباری سرگرمیاں24کروڑ98لاکھ 68ہزار780شیئرز رہیں جومنگل کے مقابلے میں2 کروڑ97لاکھ19 ہزار980شیئرززائد ہیں ۔

قیمتوں کے اتار چڑھاوٴ کے حساب سے باٹا پاک کے حصص سرفہرست رہے ،جس کے حصص کی قیمت130.75روپے اضافے سے2993.99روپے،صنوفائی ایونٹس کے حصص کی قیمت40.24روپے اضافے سے845.06روپے پر بند ہوئی۔نمایاں کمی رفحان میظ کے حصص میں ریکارڈ کی گئی جس کے حصص کی قیمت410.00روپے کمی سے 8700.00روپے جبکہ یونی لیور فوڈزکے حصص کی قیمت213.14روپے کمی سے8686.86روپے پر بند ہوئی ۔بدھ کوسمٹ بینک کی سرگرمیاں3کروڑ1لاکھ 38ہزار500شیئرز کے ساتھ سرفہرست رہیں جس کے شیئرز کی قیمت60پیسے اضافے سے4.08روپے اورلوٹے کیمیکل کی سرگرمیاں1کروڑ70لاکھ 8ہزارشیئرز کے ساتھ دوسرے نمبر پر رہیں جس کے شیئرز کی قیمت13پیسے کمی سے7.90روپے ہوگئی ۔

کے ایس ای 30انڈیکس280.57پوائنٹس اضافے سے19768.80پوائنٹس ،کے ایم آئی 30انڈیکس550.35پوائنٹس اضافے سے45918.69جبکہ کے ایس ای آل شیئرز انڈیکس229.20پوائنٹس اضافے سے 20853.59پوائنٹس پر بند ہوا ۔