روزانہ پھل اور سبزیاں کھانے سے عمر میں اضافہ

بدھ 2 اپریل 2014 14:18

روزانہ پھل اور سبزیاں کھانے سے عمر میں اضافہ

لندن (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 2اپریل 2014ء)محققین نے کہا ہے کہ دن میں پھلوں اور سبزیوں کے پانچ حصوں کی بجائے سات حصے کھانے سے عمر میں اضافہ ہو سکتا ہے۔یونیورسٹی کالج لندن کے ایک تازہ مطالعے میں 65226 مرد و خواتین پر کی جانے والی تحقیق میں یہ بات سامنے آئی کہ جن افراد نے زیادہ پھل اور سبزیاں کھائیں ان کی کسی خاص عمر میں مرنے کے امکانات نسبتاً کم ہو جاتے ہیں۔

دن میں پھل اور سبزیوں کے سات حصے کھانے سے سرطان اور دل کے عارضے سے موت واقع ہونے کے امکانات کم ہو جاتے ہیں تاہم برطانوی حکومت کا کہنا ہے کہ دن میں پانچ حصے کھانا کافی ہے، یہ الگ بات کہ اس پر بھی عمل کرنا مشکل ہو جاتا ہے۔ماہرین کا کہنا ہے کہ صرف پھل اور سبزیوں کھانے ہی سے نہیں بلکہ طرزِ زندگی کے دیگر عوامل جیسا کہ زیادہ شراب نوشی اور سگریٹ پینے سے پرہیز سے بھی اموات میں کمی ہو سکتی ہے، تاہم محققین کا کہنا ہے کہ انھوں نے تحقیق کے دوران ان وجوہات کو مدنظر رکھا۔

(جاری ہے)

یونیورسٹی کالج لندن نے انگلینڈ کے قومی صحت سروے کو تحقیق کیلئے استعمال کیا۔ انگلستان میں یہ سروے سالانہ ہوتا ہے جس میں لوگوں سے ان کے خوراک اور طرززندگی کے بارے میں معلومات لی جاتی ہیں۔انھوں نے سروے کا 2001 سے 2008 کے درمیان کا ڈیٹا لے کر اس کا تجزیہ کیا۔تحقیق کے دوران عام وجوہات، دل کے عارضے، سرطان اور فالج کی وجہ سے ہونے والی اموات کا مطالعہ کیا گیا جس میں یہ بات سامنے آئی کہ جن افراد نے پھل و سبزیاں کھائیں انھیں ان بیماریوں کی وجہ سے موت واقع ہونے کا خطرہ کم تھا۔

کنگز کالج لندن کے سکول آف میڈیسن کے پروفیسر ٹام سانڈرز نے تحقیق کے بارے میں کہا کہ یہ بات پہلے سے معلوم تھی کہ جن لوگوں نے بتایا کہ وہ زیادہ پھل و سبزیاں کھاتے ہیں وہ اچھی صحت کے بارے میں آگاہی رکھتے ہیں، وہ تعلیم یافتہ اور معاشی طور پر اچھے ہوتے ہیں جس کی وجہ سے ان کو ویسے ہی موت کا خطرہ کم ہو جاتا ہے۔