حکومت مذاکرات میں تاخیر سے کام نہ لے، پروفیسر ابراہیم

بدھ 2 اپریل 2014 11:33

حکومت مذاکرات میں تاخیر سے کام نہ لے، پروفیسر ابراہیم

پشاور(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 2اپریل 2014ء) طالبان کمیٹی کے رکن پروفیسر ابراہیم کا کہنا ہے کہ جب تک مذاکرات جاری ہیں اس وقت تک فائر بندی جاری رہے گی لیکن حکومت مذاکرات کے حوالے سے تاخیر سے کام نہ لے۔ پروفیسر ابراہیم کا کہنا تھا کہ وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان نے چند مسائل پر وزیراعظم نواز شریف سے مشاورت کے لئے وقت مانگا تھا لیکن حکومت کی جانب سے ابھی تک کوئی جواب نہیں دیا گیا۔

(جاری ہے)

ان کا کہنا تھا کہ جب تک مذاکرات جاری ہیں اس وقت تک فائربندی جاری رہے گی لیکن حکومتی جواب سامنے آنے کے بعد طالبان سیز فائر میں توسیع کا باقاعدہ اعلان کریں گے۔ واضح رہے کہ گزشتہ ماہ حکومت اور طالبان کمیٹی کے ارکان نے شمالی وزیرستان میں نامعلوم مقام پر براہ راست ملاقات کی تھی جس میں دونوں جانب سے قیدیوں کی رہائی سمیت مخلتف معاملات پر بات چیت کی گئی تھی اور پھر طالبان نے 31 مارچ تک سیز فائر کا اعلان کیا تھا۔