آمر پرویزمشرف پر فردجرم عائدہوناجمہوریت کی فتح ہے،نثار احمد کھوڑو ،آرٹیکل 6 نے عدلیہ اور پارلیمینٹ کوطاقت دلائی ہے جس کی وجہ سے آمر کو عدلیہ کا سامنا کرنا پڑاہے،سینئر وزیر تعلیم سندھ

منگل 1 اپریل 2014 18:47

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔1اپریل۔2014ء) سندھ کے سینئر وزیر نثاراحمد کھوڑو نے کہا ہے کہ آمر پرویزمشرف پر فردجرم عائدہوناجمہوریت کی فتح ہے اور آرٹیکل 6 نے عدلیہ اور پارلیمینٹ کوطاقت دلائی ہے جس کی وجہ سے آمر کو عدلیہ کا سامنا کرنا پڑاہے۔پرویز مشرف کے معاملے کا بال اب وفاقی حکومت اور عدلیہ کی کورٹ میں ہیں اور امیدہے وہ اسے منظقی انجام تک پہنچائیں گے تاکہ کل کسی اور کے جمہوریت پر شب خون مارنے کے راستے بند ہوسکیں ۔

ان خیالات کااظہار انھوں نے منگل کو فیریئر ھال کراچی میں انٹرنیشنل کیمٹی آف دی ریڈکراس(آئی سی آرسی)کودنیا بھر میں انسانیت کی خدمت کرتے ہوئے۱۵۰ سال مکمل ہونے پر فوٹوگرافی کی نمائش کی تقریب کے بعد میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔انھوں نے کہا کہ رانا ثناء اللہ سے زیادہ مسلم لیگ ن کا کوئی اور دشمن نہیں جس نے ہربات کو بدزبانی سے ہینڈل کیا ہے اور اسی قسم کا آدمی سندھ میں بھی تھا جو آجکل ن لیگ کے ساتھ ہے۔

(جاری ہے)

انھوں نے کہا کہ سیاست سنجیدگی کا نام ہے اس لیے رانا ثناء اللہ سوچ سمجھ کر بات کریں ۔نثار احمد کھوڑو نے کہا کہ ن لیگ کے کچھ وزراء بلاول بھٹو زرداری کو دھمکیاں دینے والی کالعدم تنظیم کے ترجمان بنے ہوئے ہیں ۔بلاول بھٹو زرداری کو دھمکیاں کالعدم تنظیم کی جانب سے دی جارہی ہے اور ان کی ترجمانی یہ لوگ کررہے ہیں جوکہ گری ہوئی حرکت ہے۔انھوں نے کہا کہ بلاول بھٹو زرداری اور پیپلز پارٹی دھمکیوں سے ڈرنے والے نہیں ایسی دھمکیاں ہمیں آگے بڑھنے سے نہیں روک سکتی ۔ایک سوال کے جواب میں انھوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی اور ایم کیوایم کے ایک دوسرے سے رابطے اور ملاقاتیں ہوتی رہتی ہیں تاہم ایم کیوایم کی سندھ حکومت میں جلد یا تاخیر سے شمولیت کا عمل سیاست کاحصہ ہے۔

متعلقہ عنوان :