محکمہ موسمیات نے رواں ہفتے کے دوران ملک کے بالائی علاقوں میں بارشوں کے دو نئے سلسلوں کی پیشگوئی کردی

منگل 1 اپریل 2014 16:31

محکمہ موسمیات نے رواں ہفتے کے دوران ملک کے بالائی علاقوں میں بارشوں ..

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 1اپریل 2014ء)محکمہ موسمیات نے رواں ہفتے کے دوران ملک کے بالائی علاقوں میں بارشوں کے دو نئے سلسلوں کی پیشگوئی کی ہے، بارش کا سبب بننے والی ہوائیں خیبرپختونخوا کے مغربی علاقوں میں داخل ہوجائیں گی۔محکمہ موسمیات کے مطابق بارش برسانے والی ہوائیں بالائی علاقوں تک پھیل جائیں گی، جس سے (آج) بدھ کوخیبر پختونخواہ، اسلام آباد،بالائی پنجاب،کشمیر اور گلگت بلتستان میں بارش کا امکان ہے۔

جمعہ کو بارش کا دوسرا سلسلہ بلوچستان کے شمالی علاقوں میں داخل ہوگا، ہفتہ کو ملک کے بالائی اور وسطی علاقے بارش کے سلسلے کے زیر اثر آجائیں گے۔شمالی بلوچستان میں جمعہ کی شام اور ہفتے کو بارش کا امکان ہے۔ ہفتے اور اتوار کو خیبر پختونخواہ، بالائی پنجاب، اسلام آباد،کشمیر اور گلگت بلتستان میں بارش کا امکان ہے۔

(جاری ہے)

اس دوران سندھ اور جنوبی پنجاب کے زیادہ تر علاقوں میں موسم خشک رہے گا۔

رواں ہفتے کے آخر میں راولپنڈی،اسلام آباد،پشاور اور کوہاٹ ڈویژن میں چند مقامات پر تیز ہواوٴں اور ژالہ باری کا بھی امکان ہے۔آئندہ چوبیس گھنٹوں کے دوران ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم خشک رہے گا، گزشتہ روز ملک میں سب سے زیادہ درجہ حرارت مٹھی اور چھور میں 39 اور شہید بینظیر آباد میں اڑتیس سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ۔