امریکی محکمہ خارجہ کا پاکستان میں سفارت خانے کیلئے چار لاکھ ڈالر کا اونٹ کا مجسمہ خریدنے کا فیصلہ

منگل 1 اپریل 2014 16:27

امریکی محکمہ خارجہ کا پاکستان میں سفارت خانے کیلئے چار لاکھ ڈالر کا ..

واشنگٹن (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 1اپریل 2014ء) امریکی محکمہ خارجہ نے پاکستان میں اپنے سفارت خانے کے لئے چار لاکھ ڈالر کا اونٹ کا ایک مجسمہ خریدنے کا فیصلہ کیا ہے۔امریکی میڈیا”ڈیلی کالر“ کے مطابق محکمہ خارجہ کے معاہدہ کے ریکارڈ کے مطابق پاکستان کے دارالحکومت اسلام آباد میں تعمیر کیے جانے والے نئی امریکی سفارت خانے کیلئے اونٹ کے ایک مجسمے(مورتی) کو خریدنے کے لئے ٹیکس دہندگان کے فنڈز سے چار لاکھ ڈالر کے اخراجات کی منصوبہ بندی کی گئی ہے۔

معروف امریکی آرٹسٹ جان بالڈیساری کا تخلیق کردہ حقیقی اونٹ کی جسامت کا یہ مجسمہ فائبر گلاس سے تیار کیا گیا ۔ اخبار کے مطابق اونٹ کے استعارے کا ماخذ الہامی کتابوں سے لیا گیا جس میں” اونٹ کا سوئی کی نوک سے گزرنے “کے اس استعارے کا مفہوم یوں بیان کیا گیا کہ امیر شخص کیلئے جنت میں داخلہ مشکل ہے۔

(جاری ہے)

حکام نے چار صفحات میں اس اونٹ کے مجسمہ کے خریدنے کی ا سی مذہبی تصور کے ”واحد ذریعہ“ کی وضاحت کی ہے ،یہ آرٹسٹ کا واحد شاہکار ہے جو اس کا اہل ٹھہرا ہے۔

دستاویز میں وضاحت کی گئی کہ نئے سفارت خانے میں پیش کیا جانے والے پبلک آرٹ اسلامی ملک کی اقدار کی عکاسی کرنی چاہئے ۔ محکمہ خارجہ کے پریس ترجمان کرسٹین فوشی نے اپنے بیان میں کہا کہ سفارت خانوں کے محکمہ ”آفس آف آرٹ“ کی طرف سے یہ خریدار ی کی تجویز آئی۔آرٹ پارے کے لئے صرف 0.5فی صد فنڈز خرچ کیے جاتے ہیں۔اس فن پارے کی دوسری نقل کیلیفورنیا کے ناپا ویلی میں آویزاں ہیں۔