کوئٹہ --توتک سے ایک اور مسخ شدہ لاش برآمد ، خضدار سے ملنے والی لاشوں کی تعداد 17ہوگئی

منگل 1 اپریل 2014 16:22

کوئٹہ(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 1اپریل 2014ء) ضلع خضدار کے علاقے توتک سے ایک اور مسخ شدہ لاش برآمد ہوئی جس کے بعد خضدار سے ملنے والی لاشوں کی تعداد 17ہوگئی میڈیا رپورٹ کے مطابق اسسٹنٹ کمشنر خضدار کی سربراہی میں ایک ٹیم نے توتک کے علاقے میں ایک اور قبر دریافت کی جہاں سے ایک لاش برآمد ہوئی ہے۔علاقے سے گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران اب تک چار مزید لاشیں برآمد ہوچکی ہیں۔

(جاری ہے)

خضدار انتظامیہ کے ایک سینئر عہدیدار نے بتایا کہ یہ لاش گزشتہ روز برآمد ہوئی جس کی اب تک شناخت نہیں ہوسکی بعد میں لاش کو شناخت اور مزید تفتیش کیلئے ڈسٹرکٹ ہسپتال منتقل کردیا گیا۔عہدیدار نے کہاکہ ہم علاقہ مکینوں کی جانب سے فراہم کردہ معلومات کی بنیاد پر چار لاشیں دریافت کی ہیں۔انہوں نے کہاکہ اس نئی پیش رفت کے بعد علاقے میں سیکیورٹی فورسز کو تعینات کردیا گیا ہے۔واضح رہے کہ جسٹس نور محمد مسکن زئی ایک جوڈیشنل انویسٹی گیشن ٹربیونل کی سربراہی کررہے ہیں جنہیں اس نئی اجتماعی قبر کی دریافت کے بارے میں آگاہ کردیا گیا جسٹس مسکن زئی گزشتہ ایک ہفتے سے خضدار میں ہیں تاکہ توتک کے علاقے سے دریافت ہونے والی ان لاشوں کے مزید شواہد حاصل کیے جاسکیں۔