آئین توڑنے والے کو آئین شکن اور غدار بھی کہہ سکتے ہیں ، جاوید ہاشمی ،حکومت کارگل کمیشن کی رپورٹ جلد منظر عام کر ذمہ داروں کو قانون کے کٹہرے میں لائے ، میڈیا سے گفتگو

پیر 31 مارچ 2014 22:21

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔31مارچ۔2014ء) پاکستان تحریک انصاف کے رہنما و رکن قومی اسمبلی مخدوم جاوید ہاشمی نے کہا ہے کہ آئین توڑنے والے کو آئین شکن اور غدار بھی کہہ سکتے ہیں ،سابق صدر پرویز مشرف پر لگائی گئی چارج شیٹ کے ایک ایک لفظ سے پی ٹی آئی متفق ہے ،حکومت کارگل کمیشن کی رپورٹ جلد منظر عام کر ذمہ داروں کو قانون کے کٹہرے میں لائے۔

پیر کو پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت نے پانچ نکات پر مبنی چارج شیٹ عدالت میں جو پیش کی ہے وہ درست ہے اور حکومت خود ایک راستہ اختیار کر چکی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پرویز مشرف خود کو کہتے ہیں کہ میں کارگل 65 اور 71 کی جنگ کا محافظ ہوں مجھے ان کے اس حصے پر سخت اعتراض ہے۔ ایک محافظ جو اپنے گھر میں رہتے ہوئے خود گھر پر حملہ کر دے اور گھر کے برتن توڑے کیا وہ محافظ ہو سکتا ہے۔

(جاری ہے)

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ ایک شخص عوام کے حق رائے دہی کو پامال کر کے 10 سال ملک میں خود ساختہ حکومت کرتا رہا اور ملک کو جس مقام پر چھوڑ کر گیا وہ سب کے سامنے ہے۔ انہوں نے کہا کہ کارگل میں ہمارے نوجوانوں کو جس طرح شہید کیا گیا اور ان کے پیٹ سے رسیاں اور درختوں کے پتے برآمد ہوئے تھے انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ کارگل کمیشن کی رپورٹ کو جلد سے جلد منظر عام پر لایا جائے اور ذمہ داروں کو قانون کے کٹہرے میں لایا جائے۔

ایک اور سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ انڈیا نے کارگل کے اوپر کمیشن قائم کیا اور اس کی روشنی میں انہوں نے اپنے جنرل اور دیگر فوجی افسران کو سزائیں دی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ میں عدلیہ کو مبارکباد پیش کرتا ہوں کہ انہوں نے ایک مشکل حالات میں ایک سابق جنرل کو عدالت میں پیش ہونے پر مجبور کیا۔ عدلیہ نے جو چارج شیٹ لگائی ہے وہ بالکل درست ہے۔ انہوں نے کہا کہ میں ذاتی طور پر سابق صدر کو معاف تو کرتا ہوں تاہم اگر معاف نہیں کرتا تو اور بھی بہت سے لوگ سامنے آئیں گے۔ مخدوم جاوید ہاشمی نے کہا کہ آئین توڑنے والے کو آئین شکن اور غدار بھی کہہ سکتے ہیں۔

متعلقہ عنوان :