پاکستان میں26لاکھ افغان شہری ووٹ کے حق سے محروم رہیں گے،اقوام متحدہ،وفاق انتظامات کرے توصوبائی حکومت تمام تر سہولیات فراہم کرنے پر تیار ہے،وزیراطلاعات خیبرپختونخوا

پیر 31 مارچ 2014 21:38

نیویارک/پشاور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔31مارچ۔2014ء) اقوام متحدہ کے ادارہ برائے مہاجرین نے کہاہے کہ26لاکھ افغان شہری صدارتی انتخابات میں ووٹ ڈالنے کے حق سے محروم رہیں گے، پاکستان میں 80 کیمپوں میں سولہ لاکھ افغان مہاجرین رجسٹرڈ ہیں ،ادھر خیبرپختونخواکی حکومت نے کہاہے کہ اگراس سلسلے میں وفاق انتظامات کرے تو صوبائی حکومت تمام تر سہولیات فراہم کرنے پر تیار ہے، یادرہے کہ 2004ء کے صدارتی انتخابات میں پاکستان اور دیگر ہمسایہ ممالک میں رہائش پذیر افغان باشندوں کو ووٹ دینے کا موقع دیا گیا تھا لیکن 2009ء کی طرح اپریل کے شروع میں ہونے والے آئندہ صدارتی الیکشن میں بھی ان لاکھوں افغان باشندوں کو حق رائے دہی سے محروم رکھا گیا ہے، غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق اقوام متحدہ کے ہائی کمیشن برائے مہاجرین کے اعلیٰ حکام کا کہنا تھا کہ پاکستان میں موجود افغان مہاجرین کو آئندہ انتخابات میں ووٹ ڈالنے کا موقع دینے کے لیے اب تک کوئی انتظام نہیں کیا گیا،اس سلسلے میں صوبائی حکومت خیبرپختونخواکے ترجمان اور وزیر اطلاعات شاہ فرمان سے جرمن خبررساں ادارے سے بات چیت کرتے ہوئے کہاکہ بنیادی طور یہ وفاقی حکومت اور خاص طور پر وزارت خارجہ کی پالیسی سے منسلک ہے لیکن اگر وفاقی حکومت اس طرح کا کوئی فیصلہ کرتی ہے، تو خیبر پختونخوا کی حکومت پالیسی کے مطابق اس پر عمل درآمد کرنے اور اس سلسلے میں تمام تر سہولیات فراہم کرنے پر تیار ہے۔