ارباب غلام رحیم کہتے ہیں اسمبلی میں سب بیکار لوگ بیٹھے ہیں ،آغا سراج درانی ،سابق وزیراعلی سندھ کی طبیعت تو ٹھیک ہے وہ چھٹی کی درخواست بھی نہیں دیتے ، گزشتہ پانچ سال بھی وہ چھٹی پر رہے

پیر 31 مارچ 2014 19:23

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔31مارچ۔2014ء) اسپیکر سندھ اسمبلی آغا سراج درانی نے پیر کو ایوان کو بتایا کہ سابق وزیر اعلیٰ سندھ ڈاکٹر غلام ارباب رحیم نے تھر میں بیان دیا ہے کہ ”وہ سندھ اسمبلی کے اجلاس میں اس لئے نہیں آتے کہ اسمبلی میں کوئی کام نہیں ہوتا ہے اور اسمبلی میں سب بیکار لوگ بیٹھے ہیں۔“ اسپیکر نے کچھ ارکان سے پوچھا کہ ان کی طبیعت تو ٹھیک ہے۔

وہ چھٹی کی درخواست بھی نہیں دیتے۔ گذشتہ پانچ سال وہ چھٹی پر رہے۔ پیپلز پارٹی کی خاتون رکن شرمیلا فاروقی نے کہا کہ ارباب رحیم اپنے پوتے کی دستاربندی میں مصروف ہیں۔

(جاری ہے)

پیپلز پارٹی کے رکن میر نادر خان مگسی نے کہا کہ اگر کوئی رکن چھٹی کی بغیر مسلسل ایوان میں غیر حاضر رہے تو قانون کے مطابق اس کے خلاف کارروائی ہونی چاہیے۔ اسپیکر نے کہا کہ اس بات کا فیصلہ تو ایوان نے کرنا ہے۔

وزیر اطلاعات و بلدیات شرجیل انعام میمن نے کہا کہ اگر کوئی رکن مسلسل 40 دن تک اجلاس میں نہ آئے تو اسے چھٹی نہیں دینی چاہیے۔ ڈاکٹر ارباب غلام رحیم نہ خود ایوان میں آتے ہیں اور نہ ہی چھٹی کی درخواست دیتے ہیں۔ ایوان کو چاہیے کہ ان کی رکنیت ختم کرکے کسی دوسرے شخص کو ان کی نشست سے منتخب کرایا جائے تاکہ نیا رکن اپنے حلقے کے عوام کی نمائندگی کرے۔