فائر بندی کی توسیع پر اتفاق اور باضابطہ اعلان میں حائل رکاوٹوں کو دور کرنے کی کوششیں بدستور جاری ہیں ، پروفیسرابراہیم

پیر 31 مارچ 2014 16:53

واشنگٹن(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 31مارچ 2014ء) طالبان کے مقرر کردہ رابطہ کار پروفیسر محمد ابراہیم نے کہا ہے کہ فائر بندی کی توسیع پر اتفاق اور باضابطہ اعلان میں حائل رکاوٹوں کو دور کرنے کی کوششیں بدستور جاری ہیں۔امریکی نشریاتی ادارے کو دیئے گئے انٹرویو میں پروفیسر ابراہیم نے کہاکہ مسائل تو یقینا ہیں جس کی وجہ سے اعلان ابھی تک نہیں ہو سکا ہے تاہم اگر عملاً مذاکرات ہوئے تو جنگ بندی ہی رہے گی اور امید ہے کہ رسمی طور پر اعلان بھی ہوجائے گا۔

(جاری ہے)

جماعت اسلامی کے سابق سینیٹر پروفیسر ابراہیم نے مذاکرات کے معاملے کی حساسیت کے پیش نظر فائر بندی میں توسیع سے متعلق مسائل کے بارے میں بتانے سے گریز کیا تاہم ان کا کہنا تھا کہ قیدیوں کی رہائی بات چیت کے عمل میں تیزی کا سبب بن سکتی ہے۔انہوں نے کہاکہ یہ اعتماد سازی کی فضا بحال کرنے کا ایک قدم ہے اور قیدیوں کی رہائی جلد شروع ہو جائے گی۔ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہاکہ بات تو یہ ہو رہی ہے کہ انہیں چھوڑا جائے جن پر مقدمہ نہیں تو انہیں تو چھوڑا جا سکتا ہے اگر واقعی ہی ان کے خلاف کوئی مقدمہ نہیں۔ دوسروں کیلئے اگر حکومت، استغاثہ سمجھے کہ ان کے خلاف مقدمہ چلانا ٹھیک نہیں تو وہاں عدالت کی اجازت سے چھوڑ سکتی ہے۔