ہمارے پاس ٹی ٹوئنٹی کے اسپیشلسٹ اور میچ ونر نہیں ہیں، مشفق الرحیم

پیر 31 مارچ 2014 14:33

ہمارے پاس ٹی ٹوئنٹی کے اسپیشلسٹ اور میچ ونر نہیں ہیں، مشفق الرحیم

میرپور (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 31مارچ 2014ء)بنگلہ دیش کے کپتان مشفق الرحیم نے کہا ہے کہ ہمارے پاس ٹی ٹوئنٹی کے اسپیشلسٹ اور میچ ونر نہیں ہیں ، جب تک ہمارے پاس شاہد آفریدی اور حفیظ جیسے فائر پاور والے بیٹسمین نہیں ہوں گے اور ہم اس فارمیٹ میں آگے نہیں بڑھ سکتے۔ میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے مشفق الرحیم نے کہاکہ ٹورنامنٹ میں بعض اچھی اور مثبت چیزیں بھی سامنے آئیں تاہم کھلاڑیوں کو احساس ذمے داری دکھانا ہوگا۔

آسٹریلیا کے خلاف آخری میچ میں ہمارے پاس کچھ گنوانے کو نہیں ہے اس لئے ٹورنامنٹ کا اختتام جیت کے ساتھ کرنا چاہتے ہیں۔ آل آؤٹ جاکر اگلا میچ جیتیں گے۔ مشفق الرحیم نے کہاکہ ہماری کارکردگی مایوس کن رہی ہے۔ دو اوورز میں مشرفی اور ضیاء نے چالیس رنز دیئے جس نے ہمیں ایڈوانٹیج سے دور کردیا۔

(جاری ہے)

حالانکہ ہمارے اسپنرز نے اچھی بولنگ کی۔ انہوں نے کہا کہ احمد شہزاد نے اچھی بیٹنگ کی۔

ہار کے باوجود پاکستان کے خلاف میچ میں بہتری دکھائی ہے تاہم مزید بہتری کے ساتھ ٹورنامنٹ ختم کرنا چاہتا ہوں۔ انہوں نے کہا پاکستان، بھارت ،آسٹریلیا اور ویسٹ انڈیز جیسی ٹیموں کے خلاف ٹیم کی طرح کھیلنا ہوگا۔ ہمارے گروپ کی بڑی ٹیمیں مضبوط تھیں، ہمارے کھلاڑی اس کلاس کے نہیں تھے اور نہ وہ اس کلاس کی کارکردگی دکھا سکے۔ اس لئے ہمیں انٹرنیشنل سطح پر اپنے پاس میچ ونر اور فائر پاور کھلاڑیوں کو کھلانا ہوگا اس کے بغیر کوئی چارہ نہیں ہے۔