بلدیاتی انتخابات کے بغیر جمہوریت مکمل نہیں ہو سکتی ،حکمرانوں کو راہ فرار اختیار نہیں کرنے دیں گے ‘ محمو دالرشید،حکمرانوں کو خیالی پلاؤ سے باہر نکل کر ملک کو بحرانوں سے نجات دلانے کیلئے عملی اقدامات کرنا ہونگے‘ اپوزیشن لیڈر

اتوار 30 مارچ 2014 20:43

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔30مارچ۔2014ء) پنجاب اسمبلی میں قائد حزب اختلاف میاں محمود الرشید نے کہا ہے کہ حکمرانوں کو خیالی پلاؤ سے باہر نکل کر ملک کو بحرانوں سے نجات دلانے کیلئے عملی اقدامات کرنا ہونگے‘ملک میں مسائل حل ہونے کے بجائے ان میں اضافہ ہو رہا ہے ‘(ن)لیگ بتائے کہ گورننس کہاں ہے ؟‘نجکاری کے نام پر کسی کو بھی غریبوں کا معاشی قتل کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی ‘حکمرانوں کو بلدیاتی انتخابات سے بھاگنے نہیں دیا جائے گا ‘تحریک انصاف کا کوئی سیاسی جماعت مقابلہ نہیں کر سکتی ۔

اتوار کے روز اپنے دفتر میں تحریک انصاف کے مختلف وفود سے گفتگو کرتے ہوئے میاں محمود الرشید نے کہاکہ (ن)لیگ انتخابات کے دوران جو ش میں آ کر وہ نعرے بھی لگاتی رہی جن پر عمل کرنا ان کے بس میں نہیں تھا اور یہی وجہ ہے کہ آج اقتدار میں آنے کے بعد (ن)لیگ کو کچھ سمجھ نہیں آ رہی کہ وہ عوامی مسائل کو کس طرح حل کرے یہی وجہ ہے کہ ملکی مسائل میں دن بدن اضافہ ہوتا چلا جا رہا ہے اور حکمرانوں کے تمام منصوبے خیالی پلاؤ ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ بلدیاتی انتخابات کے بغیر جمہوریت مکمل نہیں ہو سکتی اور ہم حکمرانوں کو کسی بھی صورت بلدیاتی انتخابات سے بھاگنے نہیں دیں گے انہیں آج نہیں تو کل ہر صورت بلدیاتی انتخابات کروانا پڑیں گے اورا ن بلدیاتی انتخابات میں تحریک انصاف ہی کلین سوئپ کرے گی۔