لینڈ سلائیڈنگ قدرتی آفت ہے، حکومت متاثرین کی جلد از جلد بحالی کے لئے ہر ممکن اقدامات کر رہی ہے،شاہدخاقان عباسی،لینڈ سلائیڈنگ کے تدارک کے لئے نکاسی آب کا مناسب انتظام کیا جائے ،وفاقی وزیرکا دیول بازار مری میں متاثرہ دکانوں اور مکانات کا دورہ

اتوار 30 مارچ 2014 19:23

راولپنڈی/مری (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔30مارچ۔2014ء) وفاقی وزیر برائے پٹرولیم و قدرتی وسائل شاہد خاقان عباسی اور صوبائی وزیر محنت و افرادی قوت پنجاب راجہ اشفاق سرور نے دیول بازار مری میں حالیہ بارشوں میں لینڈ سلائیڈنگ کے نتیجے میں متاثر ہونے والی دکانوں اور مکانات کا دورہ کیا ۔ اس موقع پر متعلقہ سرکاری حکام کے علاوہ تاجر برادری کے نمائندے ، مقامی رہائشی اور میڈیا کے نمائندے بھی موجود تھے۔

وفاقی وزیر برائے پٹرولیم و قدرتی وسائل شاہد خاقان عباسی اور صوبائی وزیر محنت و افرادی قوت پنجاب راجہ اشفاق سرور نے کہا کہ لینڈ سلائیڈنگ قدرتی آفت ہے اور حکومت متاثرین کی جلد از جلد بحالی اور ان کے نقصانات کے ازالے کے لئے ہر ممکن اقدامات کر رہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم محمد نواز شریف اور وزیر اعلی محمد شہباز شریف دیول لینڈ سلائیڈنگ سے متاثر ہونے والے تاجروں اور رہائشیوں کے نقصانات کے ازالے اور بحالی کے لئے ذاتی طور پر دلچسپی لے رہے ہیں ،مصیبت کی اس گھڑی میں ان کے دکھ اور پریشانی میں شریک ہیں۔

(جاری ہے)

میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر برائے پٹرولیم و قدرتی وسائل شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ متعلقہ حکام تاجر برادری کے تعاون سے متاثرین کی لسٹ بنا رہے ہیں اور اس بات کو یقینی بنایا جائے کہ ہر متاثرہ تاجر اور رہائشی کا نام لسٹ میں شامل ہو اور کسی غیر متعلقہ فردکا نام اس میں شا مل نہ کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ لینڈ سلائیڈنگ کے تدارک کے لئے ضروری ہے کہ مری اور ملحقہ آبادیوں میں نکاسی آب کا مناسب انتظام کیا جائے اور بھر پور انداز میں شجر کاری کی جائے۔

صوبائی وزیر محنت و افراد قوت پنجاب راجہ اشفاق سرور نے کہا کہ دیول بازار میں لینڈ سلائیڈنگ میں دو درجن سے زائد دکانات اور مکانات متاثر ہوئے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ نقصان کے تخمینے اور مستقبل میں اس طرح کے واقعات کے تدارک کے لئے متعلقہ سرکاری محکمے سروے کر رہے ہیں اور ان کی رپورٹس کی روشنی میں جامع بنیادوں پر اقدامات کئے جا رہے ہیں کیونکہ دیول میں جو کہ مری کے بعد علاقے کا سب سے بڑا تجارتی مرکز ہے ،کاروباری سرگرمیاں متاثرہوئی ہیں۔اس موقع پر انجمن تاجران مری و دیول کے نمائندوں نے دیول لینڈ سلائیڈنگ سے متاثرہ علاقے کا دورہ کرنے پروفاقی وزیر برائے پٹرولیم و قدرتی وسائل شاہد خاقان عباسی اور صوبائی وزیر محنت و افرادی قوت پنجاب راجہ اشفاق سرورکا شکریہ ادا کیا۔

متعلقہ عنوان :