سرکاری سکولوں کے اساتذہ کی تنخواہیں نجی تعلیمی اداروں کے اساتذہ سے کئی گنا زیادہ ہیں،پرویزخٹک، نتائج اسکے برعکس ہیں موجودہ حکومت کو یہ صورتحال قبول نہیں ہم رواں تعلیمی سال کے امتحانی نتائج میں نمایاں بہتری چاہتے ہیں ،ہم گھوسٹ سکولوں اور بھوت اساتذہ کی شکایات بھی برداشت نہیں کرینگے اور ایسی کسی بھی شکایت پر سخت ترین اقدام سے دریغ نہیں کیا جائے گا ،وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا

ہفتہ 29 مارچ 2014 22:10

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔29مارچ۔2014ء) وزیراعلیٰ خیبر پختونخواپرویز خٹک نے اس بات پر افسوس کا اظہار کیا ہے کہ صوبے میں سرکاری سکولوں کے اساتذہ کی تنخواہیں اور مراعات نجی تعلیمی اداروں کے اساتذہ سے کئی گنا زیادہ ہیں مگر نتائج اسکے برعکس ہیں موجودہ حکومت کو یہ صورتحال قبول نہیں ہم رواں تعلیمی سال کے امتحانی نتائج میں نمایاں بہتری چاہتے ہیں ہم گھوسٹ سکولوں اور بھوت اساتذہ کی شکایات بھی برداشت نہیں کرینگے اور ایسی کسی بھی شکایت پر سخت ترین اقدام سے دریغ نہیں کیا جائے گا جس میں پہلے متعلقہ ای ڈی او خود کو فارغ سمجھے ہم نے تعلیمی نظام میں امیر اور غریب کا فرق مٹانے کیلئے رواں سال سے نصاب تعلیم ایک کردیا ہے اور سرکاری سکولوں کو بہترین پرائیویٹ اداروں کے معیار پر لانے کیلئے انکی تمام ضررویات ہنگامی بنیادوں پر پوری کر رہے ہیں تاکہ آئندہ عام سکول کا طالبعلم بھی مقابلے کے امتحان سے لیکر ہر شعبے میں انگلش میڈیم والوں کا مقابلہ زیادہ بہتر انداز میں کر سکے اور انکی قابلیت، اعتماد اور کردار سازی میں کوئی کمی نہ رہے وزیراعلی نے پی ٹی آئی کی اتحادی حکومت کا عزم دہرایا کہ ہر سطح پر یکساں نظام تعلیم اور معیار تعلیم بلند کرنے کیلئے نہ صرف انقلابی اصلاحات کی جائیں گی بلکہ اہداف کے حصول میں سخت ترین اقدامات سے گریز نہیں کیا جائے گا نظام تعلیم کو بین الاقوامی معیار کے مطابق لانے کیلئے ہر ممکن کوششیں کی جا رہی ہیں انہوں نے اساتذہ برادری پر زور دیا کہ نئی نسل کی کردار سازی اور انہیں نظریہ پاکستان سے روشناس کرانے میں کوئی کسر اٹھا نہ رکھیں وہ تنظیم اساتذہ کے وفد سے باتیں کر رہے تھے جس نے شعبہ بہبود اساتذہ کے نگران خیراللہ حواری کی زیرقیادت ان سے یہاں ملاقات کی اور اپنے بعض مسائل و مطالبات سے انہیں اگاہ کیا جن میں پی ایس ٹی اساتذہ کو گریڈ پندرہ دینے کا دیرینہ مطالبہ سرفہرست تھااساتذہ وفد نے صوبائی حکومت کی نئی تعلیمی پالیسی سے مکمل اتفاق کرتے ہوئے سو فیصد اہداف کے حصول اور نئے پاکستان کی تشکیل میں پی ٹی آئی کا بھرپور ساتھ دینے کا اعلان کیا صوبائی وزیر تعلیم محمد عاطف خان، وزیر بلدیات عنایت اللہ، ارکان اسمبلی صاحبزادہ طارق للہ، مظفر سید، سعید گل، محمد علی، محمد رشاد خان، منور خان اور محمد علی ترکئی بھی اس موقع پر موجود تھے پرویز خٹک نے کہا کہ صوبائی حکومت نے سرکاری سکولوں میں اساتذہ کی کمی کے پیش نظر ابتدائی طور پر پشاور سمیت پانچ اضلاع میں طلبہ کی تعداد کی بین لاقوامی شرح کے مطابق اساتذہ کی تعداد بھی یقینی بنانے کی سکیم شروع کی ہے جسے اگلے مرحلے میں صوبے بھر میں توسیع دی جائے گی اسی طرح اس سال سے اساتذہ کی اپنے اضلاع میں تعیناتی کے ساتھ ہی تبادلوں پر مکمل پابندی لگا دی جائے گی اور آئندہ اساتذہ کی سکول بیس بھرتیاں ہونگی جنہیں ریٹائرمنٹ تک اسی تعلیمی ادارے میں پڑھانا ہو گا تاکہ صوبائی حکومت کو تبادلوں کی سیاست سے نجات مل جائے اور اساتذہ تبادلوں کے چکروں میں پڑنے کی بجائے پوری دلجمعی سے بچوں کو پڑھائیں اور اچھے نتائج دے سکیں انہوں نے کہا کہ سکولوں اور تعلیمی معیار کی بہتری کیلئے پیرنٹ ٹیچرز کونسلیں بھی تشکیل دی جا رہی ہیں تاکہ سب کچھ والدین کی نظر میں رہے اور وہ خود بھی اپنے بچوں کے تعلیمی معاملات میں شریک ہوں ہمارے اقدامات کی بدولت خود اساتذہ اور وزراء بھی اپنے بچوں کے سرکاری سکولوں میں داخلے کو ترجیح دیں گے انہوں نے واضح کیا کہ والدین یا اساتذہ کو کسی سکول یا محکمہ تعلیم سے متعلق کوئی بھی شکایت ہو تو فوری شکایات سیل سے رابطہ کریں جبکہ دادرسی نہ ہونے کی صورت میں براہ راست ان سے بھی رابطہ کرسکتے ہیں کیونکہ ہم نے تعلیم اور صحت کے شعبوں میں ایمرجنسی بلاوجہ نہیں بلکہ انکی حالت زار دیکھ کر ہی نافذ کی ہے انہوں نے امید ظاہر کی کہ اساتذہ طلبہ و طالبات کو دینی و عصری علوم سے آراستہ کرنے میں کوئی دقیقہ فروگزاشت نہیں کریں گے انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت نے شعبہ تعلیم کے فروغ کیلئے فنڈز میں خاطر خواہ اضافہ کیا ہے اور پہلے سے جاری سکیموں کے علاوہ کئی نئی سکیمیں شروع کی ہیں طلبہ کے سکالرشپس بڑھانے، سکول و کالجز کی تعداد میں اضافے اور اساتذہ کی ترقیوں کے علاوہ دو ہزار سے زائد نئے اساتذہ بھرتی کئے جائیں گے ہم چاہتے ہیں کہ بچوں کے داخلے اور خواندگی کی شرح میں نمایاں اضافہ ہو انہوں نے کہا کہ سزا و جزا پالیسی کے تحت محنتی اور اچھے نتائج دینے والے اساتذہ کی بھرپور حوصلہ افزائی کی جائے گی۔

متعلقہ عنوان :