بھارت میں کوئی حکومت ہواس سے قریبی تعلقات چاہتے ہیں،نواز شریف ،ملکی معیشت مستحکم ہوگئی ہے،اس سال کے آخر تک زرمبادلہ کے ذخائر 16 ارب ڈالر ہوجائیں گے ، ورلڈ بینک توانائی بحران کے حل کیلئے حکومت پاکستان کی کوششوں میں معاونت کا اہم کردار ادا کر سکتا ،وزیر اعظم کی ورلڈ بینک کی منیجنگ ڈائریکٹر چیف آپریٹنگ آفیسر مس بسری مولیانی اندرا وتری سے گفتگو

ہفتہ 29 مارچ 2014 19:56

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔29مارچ۔2014ء) وزیر اعظم محمد نواز شریف نے کہا ہے کہ بھارت میں کوئی حکومت اس سے قریبی تعلقات چاہتے ہیں ، ملکی معیشت مستحکم ہوگئی ہے،اس سال کے آخر تک زرمبادلہ کے ذخائر 16 ارب ڈالر ہوجائیں گے ، ورلڈ بینک توانائی بحران کے حل کیلئے حکومت پاکستان کی کوششوں میں معاونت کا اہم کردار ادا کر سکتا ۔وزیراعظم محمد نواز شریف سے ورلڈ بینک کی منیجنگ ڈائریکٹر چیف آپریٹنگ آفیسر مس بسری مولیانی اندرا وتری نے ہفتہ کو یہاں وزیراعظم ہاؤس میں ملاقات کی جس میں مختلف امورپر تبادلہ خیال کیا گیا اس موقع پر ورلڈ بینک کے کنٹری ڈائریکٹر راشد بن مسعود، وزیر خزانہ محمد اسحاق ڈار اور ناصر محمود کھوسہ بھی موجود تھے۔

وزیراعظم نے کہا کہ حکومت نے توانائی اور بنیادی ڈھانچہ کے شعبوں سمیت آئندہ پانچ سال کیلئے اپنی ترجیحات کی نشاندہی کر رکھی ہے۔

(جاری ہے)

وزیراعظم نے کہا کہ ترجیحی شعبوں میں عالمی بینک کی معاونت سے پاکستان کو ترقیاتی اہداف کے حصول میں مدد ملے گی۔ وزیراعظم نے کہا کہ گڈانی کے پاکستان انرجی پارک میں کوئلہ سے توانائی پیدا کرنے والے 600 میگاواٹ کے 10 منصوبے بھی شامل ہیں جس سے ملک میں توانائی کی ترسیل میں 6600 میگاواٹ بجلی کا اضافہ ہو گا۔

وزیراعظم نے کہا کہ تھرکول کی ڈویلپمنٹ اور اسے توانائی کی پیداوار میں استعمال بھی ایک ترجیحی شعبہ ہے۔ وزیراعظم نے کہا کہ ورلڈ بینک توانائی بحران کے حل کیلئے حکومت پاکستان کی کوششوں میں معاونت کا اہم کردار ادا کر سکتا ہے۔ وزیراعظم نے پاکستان میں سماجی، بنیادی ڈھانچہ، پانی اور توانائی کے شعبوں میں ورلڈ بینک کی معاونت کو سراہا۔

وزیراعظم نے بتایا کہ پاکستان پڑوسی ممالک افغانستان اور بھارت سے اچھے تعلقات پر یقین رکھتا ہے اور اس حوالہ سے ہماری ماضی کی اور موجودہ پالیسی یکساں ہے اور ہم اس پر عمل پیرا ہیں۔ وزیراعظم نے بتایا کہ پاکستان اس چیز کی پرواہ کئے بغیر کہ وہاں کون سی جماعت برسراقتدار ہے بھارت کے ساتھ اچھے تعلقات کا خواہاں ہے۔ اس موقع پر عالمی بینک کی منیجنگ ڈائریکٹر نے حکومت کی اقتصادی پالیسیوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ پاکستان کے اقتصادی اشاریے مثبت ہیں اور یہ ترقی کی طرف گامزن ہیں۔ انہو ں نے پاکستان میں ترقیاتی منصوبوں کیلئے ورلڈ بینک کی معاونت جاری رکھنے کی یقین دہانی کرائی۔