زیادہ بجلی چوری ہونیوالے فیڈرز کو بند کر دیا جائے گا: خواجہ آصف

ہفتہ 29 مارچ 2014 19:14

زیادہ بجلی چوری ہونیوالے فیڈرز کو بند کر دیا جائے گا: خواجہ آصف

سیالکوٹ(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔29مارچ۔2014ء) وفاقی وزیر دفاع خواجہ محمد آصف نے 70 فیصد سے زائد بجلی چوری کرنے والے تمام فیڈرز کی بجلی بند کرنے کا اعلان کر دیا۔ ایوان صنعت و تجارت سیالکوٹ کے اراکین کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر دفاع، بجلی و پانی خواجہ محمد آصف نے عوام کو خبردار کرتے ہوئے اعلان کیا کہ جس جس فیڈر میں 70 فیصد سے زائد بجلی چوری کی جا رہی ہے وہاں سب کی بجلی کاٹ دی جائے گی۔

وفاقی وزیر نے سندھ میں حکومتی اداروں کے 5000 بجلی کے کنکشن کاٹنے کا بھی عندیہ دے دیا۔ خواجہ آصف نے لوڈشیڈنگ کے خاتمے کیلئے کئے جانے والے اقدامات کے بارے میں بتاتے ہوئے کہا کہ چین پاکستان میں بجلی کی پیداوار کیلئے 32 ارب ڈالر دے گا جس سے بجلی پیدا کرنے کے نئے منصوبے شروع کئے جائیں گے اور آئندہ سات سالوں میں 22 ہزار میگا واٹ بجلی سسٹم کا حصہ ہو گی ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ اس وقت ملک میں بجلی کا 2 ہزار میگا واٹ کا شاٹ فال ہے جس کی وجہ سے 24 گھنٹوں میں ساڑھے چار گھنٹے لوڈشیڈنگ ہو رہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ لوڈشیڈنگ کے خاتمے کیلئے صارفین کو بھی اپنا کردار ادا کرنا ہو گا اور بجلی کا غیر ضروری استعمال روکنا ہوگا۔ خواجہ محمدآصف نے دہشت گردی کے خاتمے کیلئے حکومتی کوششوں کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ امن کے ذریعے قیام امن ہماری حکومت کی اولین ترجیح ہے ۔ انہوں نے کہا کہ جب تک مذاکرات کے ذریعے امن قائم کرنے کی ایک فیصد بھی گنجائش ہو گی حکومت مذاکرات کرے گی انہوں نے کہا کہ ایک آمر نے پاکستان کو ایسی جنگ میں دھکیل دیا جس کی وجہ سے ہماری پاک فوج اور عوام کو بے شمار قربانیاں دینا پڑی۔

متعلقہ عنوان :