کرکٹر عمر اکمل واقعے کے بعد گریجویٹ وارڈنزخود کو قانون سے بالا تر سمجھنے لگے

ہفتہ 29 مارچ 2014 17:53

کرکٹر عمر اکمل واقعے کے بعد گریجویٹ وارڈنزخود کو قانون سے بالا تر سمجھنے ..

لاہور( اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 29مارچ 2014ء) قومی کرکٹر عمر اکمل کے ساتھ پیش آنے والے واقعے کے بعد گریجوایٹ وارڈنز خود کو قانون سے بالا تر سمجھنے لگے ، وارڈنز کا شہریوں سے جھگڑنا معمول بن گیا ہے جبکہ گزشتہ روز بھی جی پی او چوک میں تعینات وارڈن نے مبینہ طو رپر ہیلمٹ مار کر شہری کا سر پھاڑ دیا ، سی ٹی او سہیل چوہدری نے واقعے کی تحقیقات کا حکم دیدیا۔

تفصیلات کے مطابق کرکٹر عمر اکمل پر مقدمے کے اندراج کے بعد ٹریفک وارڈنز خبروں میں جگہ بنانے لگے ہیں ۔ شہریوں کو روک کر انکی تذلیل کرنا اور بعد ازاں ان پر ہی مقدمہ دراج کرانا ٹریفک وارڈنز کا معمول بن گیا ہے ۔ چند روز قبل مسلسل تین روز چالان کرنے پرشہری نے کاپرس سٹو رچوک میں احتجاجاً اپنی موٹر سائیکل کو آگ بھی لگا لی تھی ۔

(جاری ہے)

دو روز قبل ٹریفک وارڈنز کا سیکرٹری پنجاب اسمبلی کے بیٹوں سے جھگڑے کا واقعہ ہوا جبکہ جمعہ کے روز ٹریفک وارڈن کے رویے سے دلبرداشتہ بزرگ شہری نے فیروز روڈ پر احتجاجاً زمین پر لیٹ کر احتجاج کیا تھا ۔

ہفتہ کے روز جی پی او چوک میں ٹریفک وارڈن رمضان اورویگن ڈرائیور انیس کے درمیان تلخ کلامی ہو گئی جسکے بعد مبینہ طو رپر ٹریفک وارڈن نے ہیلمٹ مار کر ڈرائیور انیس کا سر پھاڑ دیا جسکے بعد اسے تھانہ پرانی انار کلی بھی منتقل کر دیا گیا ۔ٹریفک وارڈن نے موقف اپنایا کہ ڈرائیور نے اس سے ہیلمٹ چھین کر خود اپنے سر پر مارا ۔سی ٹی او سہیل چوہدری کا کہنا ہے کہ متعلقہ سیکٹر کے ایس پی کو اس واقعے کی تحقیقات کا حکم دیدیا ہے جو بھی قصور وار ہوا سکے خلاف کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

متعلقہ عنوان :