بلاول بھٹو کو دی جانیوالی دھمکیوں کو سنجیدگی سے لیا جائے،الطاف حسین

ہفتہ 29 مارچ 2014 14:28

بلاول بھٹو کو دی جانیوالی دھمکیوں کو سنجیدگی سے لیا جائے،الطاف حسین

کراچی(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 29مارچ 2014ء) ایم کیو ایم کے قائد الطاف حسین نے کہا ہے کہ بلاول بھٹو زرداری کو دی جانے والی دھمکیوں کو انتہائی سنجیدگی سے لیا جائے۔دہشت گردی کے خلاف واضح موقف اپنانے پر دہشت گرد عناصر بلاول بھٹو کے خلاف ہو گئے ہیں۔ متحدہ قومی موومنٹ کے قائد الطاف حسین نے کہا ہے کہ ماضی میں بھٹو خاندان کے افراد کے ساتھ جو کچھ ہوا اس تناظر میں بلاول بھٹو زرداری کو دی جانے والی دھمکیاں انتہائی تشویشناک ہیں اور انہیں انتہائی سنجیدگی سے لیا جانا چاہئے ۔

انہوں نے یہ بات ہفتہ کی صبح پیپلزپارٹی کے رہنماءاور سابق وزیر داخلہ سینیٹر رحمان ملک سے فون پر گفتگو کرتے ہوئے کہی۔ سینیٹر رحمان ملک نے الطاف حسین کو بلاول بھٹو زرداری کو دی جانے والی دھمکیوں کی تفصیل سے آگاہ کیا جس پر ایم کیو ایم کے قائد نے کہا کہ بلاول بھٹو زرداری نے مذہبی انتہا پسند وں کے خلاف جو واضح موقف اختیا ر کیا ہے اس پر دہشت گرد عناصر ان کے خلاف ہو گئے ہیں ۔

(جاری ہے)

بھٹو خاندان کے افراد کے ساتھ ماضی میں جو المیے ہوئے ہیں ان کے تناظر میں یہ ضروری ہے کہ ان دھمکیوں کو ہر گز نظر انداز نہ کیا جائے اور دھمکی دینے والے عناصر کو بے نقاب کیا جائے ۔ رحمن ملک نے الطاف حسین کو پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری اور وزیر اعلیٰ سندھ قائم علی شاہ سے اپنی حالیہ ملاقاتوں کی تفصیل سے بھی آگاہ کرنے کے ساتھ ساتھ آصف علی زرداری کی جانب سے جناب الطاف حسین کیلئے نیک خواہشات کا پیغام بھی پہنچایا ۔