تاریخ میں پہلی بار قومی اسمبلی میں لیپ ٹاپ لانے کی اجازت

ہفتہ 29 مارچ 2014 13:36

تاریخ میں پہلی بار قومی اسمبلی میں لیپ ٹاپ لانے کی اجازت

اسلام آ باد(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 29مارچ 2014ء) 10ماہ سے زائدکی کوششوں کے بعدتحریک انصاف کے رکن قومی اسمبلی ڈاکٹرعارف علوی ملک کی پارلیمانی تاریخ میں پہلی بارقومی اسمبلی اجلاس کے دوران ایوان میں لیپ ٹاپ لانے والے پہلے رکن اسمبلی بن گئے۔اسمبلی سیکریٹریٹ 10ماہ بعداس نتیجے پر پہنچا کہ ایوان میں لیپ ٹاپ لانے پر قواعد میں کوئی ممانعت نہیں۔

ذرائع کے مطابق 11مئی کے انتخابات میں کامیابی کے بعد ڈاکٹر عارف علوی پہلے سیشن میں بھی لیپ ٹاپ کے ہمراہ اسمبلی سیکریٹریٹ پہنچے تھے مگرڈپٹی اسپیکرکی جانب سے انھیں لیپ ٹاپ ایوان میں لے جانے سے روک دیا گیا تھا۔ اس کے بعد ڈاکٹر عارف علوی نے متعددمرتبہ اسپیکرقومی اسمبلی سردار ایازصادق سے اجازت طلب کی تھی مگرہر مرتبہ انھیں کہا گیاکہ اسمبلی قواعداس کی اجازت نہیں دیتے ۔

(جاری ہے)

تاہم اسپیکر کی زیرصدارت منگل کو ہونے والے ہاؤس بزنس ایڈوائزری کمیٹی کے اجلاس میں جب ڈاکٹرعارف علوی نے ایک مرتبہ پھر لیپ ٹاپ سے متعلق بات کی تواسپیکر نے قومی اسمبلی کے قواعدوضوابط منگوائے اور ان کا بغور جائزہ لیاتو پتہ چلا کہ ایوان میں کوئی کتاب یااخبار پڑھنے، موبائل فون استعمال کرنے، چھڑی لانے، تمباکونوشی یاکوئی چیزکھانے پرپابندی ہے مگرلیپ ٹاپ یاکمپیوٹر لانے کی کوئی ممانعت نہیں ہے جس کے بعد انھیں لیپ ٹاپ ساتھ لانے کی اجازت مل گئی۔

متعلقہ عنوان :