دہشت گردی کا خدشہ،مزار قائد اور مزار اقبال سمیت اہم مقامات پر سیکیورٹی سخت

ہفتہ 29 مارچ 2014 11:45

دہشت گردی کا خدشہ،مزار قائد اور مزار اقبال سمیت اہم مقامات پر سیکیورٹی ..

لاہور / کراچی(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 29مارچ 2014ء)کراچی اور لاہور کے اہم مقامات پر دہشت گردوں کے ممکنہ حملوں کے خدشے کے بعد بابائے قوم قائد اعظم ، شاعر مشرق علامہ اقبال اور حضرت داتا گنج بخش کے مزارات پر سیکورٹی سخت کر دی گئی ہے۔ کراچی میں دہشت گردوں کے سیاسی ، مذہبی اور سماجی رہنماوں کے ساتھ ساتھ عام افراد پر حملوں کے بعد اب بابائے قوم قائد اعظم کی آخری آرام گاہ بھی خطرات میں گھر گئی ہے ۔

(جاری ہے)

دہشت گردی کے ممکنہ خدشے کے باعث مزار قائد کے اطراف میں پولیس اور رینجرز کی بھاری نفری تعینات کر دی گئی۔ مزار قائد میں آئندہ تین روز تک عوام اور ہر قسم کی گاڑیوں کے داخلے پر بھی پابندی عائد کر دی گئی ہے ، مزار سے متصل شہر کی مرکزی شاہراہ ایم اے جناح روڈ کا ایک ٹریک بھی ٹریفک کے لئے بند کر دیا گیا ہے ۔ دوسری جانب لاہور میں بھی اہم مقامات پر سیکورٹی ہائی الرٹ کر دی گئی ، شاعر مشرق علامہ اقبال اور حضرت داتا گنج بخش کے مزارات اور اس کے اطراف میں ایلیٹ فورس کے جوانوں کی بھاری نفری تعینات ہے۔دن کے اوقات میں مزار پر حاضری کے لئے آنے والے افراد کی چیکنگ سخت کرنے کا فیصلہ بھی کیا گیا ہے۔