اسلامی طرززندگی کے حامل جدید شہر آباد کرنے کی ضرورت ہے، سینئر صوبائی وزیرسراج الحق

جمعہ 28 مارچ 2014 20:35

اسلامی طرززندگی کے حامل جدید شہر آباد کرنے کی ضرورت ہے، سینئر صوبائی ..

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔28مارچ۔2014ء)خیبر پختونخوا کے سینئروزیر اورجماعت اسلامی کے امیر سراج الحق نے کہا ہے کہ تیزی سے بڑھتی ہوئی آبادی اور درپیش مسائل و مشکلات کے پیش نظر جدید طرز پر شہر آباد کرنے کی ضرورت ہے جہاں عوام کو صحت و تعلیم کے علاوہ دیگر بنیادی سہولیات ان کی دہلیز پر میسر ہوں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے پشاور کے مقامی ہوٹل میں قرطبہ سٹی پراجیکٹ کے حوالے سے منعقدہ بریفنگ کے دوران کیا۔

اس موقع پر صوبائی وزیر بلدیات عنایت اللہ خان، جماعت اسلامی کے صوبائی امیر پروفیسر ابراہیم،سابق رکن صوبائی اسمبلی صابر حسین اعوان، چیف ایگزیکٹیو قرطبہ سٹی پراجیکٹ سلیم اظہر اور جماعت اسلامی کے ڈاکٹر اقبال خلیل بھی موجود تھے۔

سینئر وزیر نے کہا کہ قرطبہ سٹی پراجیکٹ کا خیال جماعت اسلامی کے سابق امیر قاضی حسین احمد کا ایک دیرینہ خواب تھا مگر کچھ وجوہات کی بناء پر یہ تاخیر کا شکار ہوا لیکن اب اس کو نئے جذبے اور ولولے کے ساتھ پایہ تکمیل تک پہنچائے جارہے ہیں تاکہ نئی نسل کیلئے اسلامی طرز زندگی کا ایک عملی نمونہ ثابت ہو سکے۔

(جاری ہے)

سراج الحق نے اس بات پر مسرت کا اظہار کیا کہ مذکورہ سٹی میں اسلامی طرز زندگی کی جدید سہولتیں میسرہونگی۔انہوں نے کہا صوبائی حکومت کی بھی یہ کوشش ہے کہ صوبے میں بسنے والے شہریوں خاص کر گنجان آباد علاقوں میں عوام کو درپیش مسائل کے حل کیلئے نئے جہد کے ساتھ منصوبے شروع کئے جائیں گے اس سے نجی اداروں کے اقدامات کو بھی حوصلہ افزائی کی جائے گی۔