پشاور،خٹک قوم ایک تعلیم یافتہ، مہذب ،قانون پسند اور بہادر قوم ہے،ملک قاسم خٹک

جمعہ 28 مارچ 2014 20:25

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔28مارچ۔2014ء) وزیر اعلی خیبر پختونخوا کے مشیر جیل خانہ جات ملک قاسم خان خٹک نے کہا ہے کہ ضلع کرک سے تعلق رکھنے والی خٹک قوم ایک تعلیم یافتہ، مہذب ،قانون پسند اور بہادر قوم ہے اور وفاقی وزیر پٹرولیم و قدرتی وسائل شاہدخاقان عباسی کا اس قوم کو چور ثابت کرنے سے منسوب بیان کھلم کھلا من گھڑت اور غیر پارلیمانی ہے۔

آج یہاں سے جاری ہونے والے ایک بیان میں صحیح صورت حال واضح کرتے ہوئے مشیر ملک قاسم نے کہا کہ اس ضلع کے منتحب نمائندوں اور عوام نے گیس معاملات میں صوبائی اور مرکزی دونوں حکومتوں سے ہمیشہ تعاون کیا ہے اور 2007 سے مسلسل کرک کے تمام تحصیلوں کے تقریبا 76دیہاتوں کو گیس کی فراہمی کو قانونی شکل دینے اور فوری طور پر مذکورہ دیہات میں میٹروں کی تنصیب کا مطالبہ کرتے چلے آ رہے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ضلع کرک وسیع پیمانے پر گیس پیدا کرنے والا ضلع ہے لہذا گیس کے حصول پر پہلا حق اس ضلع کے عوام کا ہے۔مشیرجیل خانہ جات نے کہا کہ کرک واحد ضلع ہے جہاں سے پیدا ہونے والا گیس پورے ملک کو فراہم کیا جارہا ہے جسکے مقابلے میں پنجاب ،سندھ اور بلوچستان میں گیس کے ذخائر کم ہو تے جارہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ضلع کے جملہ منتحب نمائندے اور عوام میں مکمل یکجہتی پائی جاتی ہے اور وہ جائز حقوق کے حصول کیلئے اپنے فرائض بخوبی جانتے ہیں۔

انہوں نے وفاقی وزیر پٹرولیم کو مشورہ دیا کہ وہ خٹک قوم کو مذید امتحان میں نہ ڈالیں اور ہمیں چور کہلانے کی بجائے اپنے ماتحت محکمے ایس این جی پی ایل کے ذریعے ہمیں جلد از جلد میٹروں کی تنصیب یقینی بنائیں اور اس ضمن میں ہم مرکزی حکومت کے ساتھ ہر قسم تعاون کیلئے تیار ہیں۔

متعلقہ عنوان :