ڈرون حملوں کیخلاف اقوام متحدہ کی انسانی حقوق کونسل میں پاکستان کی قرارداد منظور

جمعہ 28 مارچ 2014 19:47

ڈرون حملوں کیخلاف اقوام متحدہ کی انسانی حقوق کونسل میں پاکستان کی قرارداد ..

جنیوا(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔28مارچ۔2014ء) اقوام متحدہ کی انسانی حقوق کونسل میں امریکی ڈرون حملوں سے متعلق پاکستان کی قرار داد بھاری اکثریت سے منظور ہوگئی۔پاکستان کی جانب سے ہتھیاروں سے لیس امریکی ڈرون حملوں سے متعلق قرار داد اقوام متحدہ کے انسانی حقوق کونسل میں پیش کی گئی جسے بھاری اکثریت سے منظور کرلیا گیا۔

پاکستان کی طرف سے قرار داد میں مؤقف اختیار کیا گیا کہ ڈرون حملے عالمی قوانین اور انسانی حقوق کی خلاف ورزی ہے، ڈرونز کا استعمال کرنے والوں کو انسانی حقوق اور عالمی قوانین کا احترام کرنا چاہئے، قرار داد میں پاکستان کی جانب سے مطالبہ کیا گیا کہ ہتھیاروں سےلیس ڈرونز کا استعمال عالمی قانون کےمطابق کیا جائے تاکہ اس کے مثبت نتائج برآمد ہوں۔

(جاری ہے)

واضح رہے کہ پاکستان کے قبائلی علاقوں میں 2004 سے امریکی ڈرون حملے جاری ہیں جس کے نتیجے میں اب تک ہزاروں افراد لقمہ اجل بن چکے ہیں جب کہ امریکی حکام کا اس حوالے سے دعویٰ ہے کہ حملوں میں مارے جانے والے زیادہ تر عسکریت پسند ہیں ۔گزشتہ سال شمالی وزیرستان میں امریکی ڈرون حملے میں کالعدم تحریک طالبان کے امیر حکیم اللہ محسود کو اس وقت نشانہ بنایا گیا تھا جب حکومت اورطالبان کے درمیان امن مذاکرات شروع ہونے والے تھے جس کے بعد حکومت اور طالبان کے درمیان مذاکرات تعطل کا شکار ہوگئے اورپاکستان میں دہشت گردی کی ایک نئی لہر شروع ہوگئی۔