متاثرین تھر کے امدادی سامان میں وزن کے گھپلے

جمعہ 28 مارچ 2014 18:32

متاثرین تھر کے امدادی سامان میں وزن کے گھپلے

تھرپارکر(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔28مارچ۔2014ء) تھرپارکر کے متاثرین کیلئے بھیجی گئی حکومتی امداد میں خورد برد کا انکشاف ہوا ہے۔ آٹے اور چاول کے تھیلوں میں 6سے 7کلو جبکہ جانوروں کی خوراک کے تھیلوں میں 2 - 2 کلو کمی پائی گئی۔تھر پارکر کے ریگستانوں میں زندگی دم توڑتی رہی اور حکومت سندھ کئی مہینوں تک حالات سے بے خبر رہی۔

میڈیا کے شور مچانے پر ارباب اقتدار خوابِ غفلت سے جاگے اور خدا خدا کرکے امدادی سامان متاثرہ علاقوں تک پہنچانے کا عمل شروع ہوا لیکن یہاں بھی ذخیرہ اندوز وں اور کالی بھیڑوں نے اپنی کارگذاریاں دکھانی شروع کردیں۔

مٹھی کے کلچرل کمپلیکس میں ذخیرہ کیے گئے آٹے، چاول اور جانوروں کی خوراک کا وزن مقررہ مقدار سے کم نکلا ہے۔

(جاری ہے)

25کلو کے آٹے اور چاول کے تھیلوں میں تقریباً 7کلو کی کمی پائی گئی۔ تھیلوں میں 25کے بجائے صرف 18سے 19کلو آٹا اور اتنے ہی چاول موجود ہیں۔ جانوروں کے چارے کے 5کلو کے تھیلوں میں بھی صرف ساڑھے 3کلو چارہ موجود ہے۔ خوراک میں خورد برد کی خبر نشر ہونے کے بعد جوڈیشل مجسٹریٹ مٹھی نے کلچرل کمپلیکس پر چھاپہ مارا تو تھیلے کے وزن میں کمی کی تصدیق ہوگئی۔ جوڈیشل مجسٹریٹ کا کہنا ہے کہ وہ معاملے کی رپورٹ اعلیٰ حکام کو پیش کریں گے۔

متعلقہ عنوان :