امیر مکہ کا مسجد حرام میں 4000افرادکو روزگارفراہم کرنے کا اعلان

جمعہ 28 مارچ 2014 17:13

امیر مکہ کا مسجد حرام میں 4000افرادکو روزگارفراہم کرنے کا اعلان

مکہ مکرمہ(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 28مارچ 2014ء)امیر مکہ معظمہ شہزادہ مشعل بن عبداللہ بن عبدالعزیز نے کہا ہے کہ مسجد حرام کے توسیعی منصوبے کی تکمیل کے ساتھ روزگار کے مواقع بھی پیدا ہوئے ہیں حکومت جلد ہی مسجد حرام میں چار ہزار سعودی نوجوانوں کو نوکریاں فراہم کرے گی،عرب ٹی وی کے مطابق امیر شہر شہزادہ مشعل نے مکہ مکرمہ میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ توسیعِ حرم منصوبہ مجوزہ پلان کے مطابق جاری ہے۔

منصوبے کی تکمیل کے ساتھ ہی حرم شریف میں مزید روزگار کے مواقع بھی پیدا ہوئے ہیں۔ وزارت خزانہ مسجد حرام میں شہریوں کو روزگار کی فراہمی کی تجاویز پر غور کر رہی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ زیادہ تر خالی آسامیاں مسجد کی صفائی اور اس کی حفاظت کے شعبے میں ہونگی۔

(جاری ہے)

خیال رہے کہ سعودی فرمانروا شاہ عبداللہ بن عبدالعزیز کی جانب سے مسجد حرام کی توسیع کا منصوبہ پچھلے دو سال سے رو بہ عمل ہے۔

توسیعی منصوبے میں مسجد کو شمالی سمت میں مزید چار لاکھ مربع میٹر وسعت دی جا رہی ہے۔ رش کم کرنے اور زائرین کو محفوظ بنانے کیلئے مسجد کی بیرونی گیلریوں کی کشادگی، عمارتوں کی توسیع اور ان کی تعداد میں اضافہ کے ساتھ حجاج ومعتمرین کیلئے مناسک کی ادائی آسان بنانے کیلیے حرم کے گرد و پیش میں پْلوں کی تعمیر بھی توسیعی منصوبے میں شامل ہے۔