پائپ لائن بن بھی گئی تو گیس نہیں مل سکتی، شاہد خاقان عباسی

جمعہ 28 مارچ 2014 13:26

پائپ لائن بن بھی گئی تو گیس نہیں مل سکتی، شاہد خاقان عباسی

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 28مارچ 2014ء) وفاقی وزیر پٹرولیم نے قومی اسمبلی میں بتایا کہ پاک ایران گیس پائپ لائن کے لیے نہ تو پیسے ہیں اور نہ ہی آلات موجود ہیں۔ حکومت نے ڈرون حملوں میں ہلاکتوں کی تعداد بتانے سے انکار کر دیا۔وزیر پٹرولیم شاہد خاقان عباسی نے انکشاف کیا کہ پاک ایران گیس پائپ لائن مکمل ہو بھی جائے تو گیس نہیں لے سکتے۔

ایران کیخلاف عالمی پابندیاں ختم ہونے سے ہی گیس ملے گی۔ قومی اسمبلی کو تحریری بیان میں وزیر پٹرولیم نے بتایا کہ پانچ برسوں میں پٹرولیم مصنوعات پر 513 ارب روپے لیوی وصول کی گئی۔ حکومت نے ایوان کو 5 سال میں ڈرون حملوں سے ہلاکتوں کی تعداد بتانے سے انکار کر دیا۔ چودھری جعفر اقبال کہتے ہیں کہ اس حوالے سے اعداد و شمار ان کیمرہ اجلاس میں بتا سکتے ہیں۔

(جاری ہے)

وزارت قانون نے ایوان کو آگاہ کیا کہ پانچ سال میں خواتین پر تیزاب پھینکنے کے 290 واقعات ہوئے، پنجاب میں سب سے زیادہ 261 واقعات ہوئے۔ سندھ میں 20، بلوچستان 6 اور خیبر پختونخوا میں تین واقعات رپورٹ ہوئے۔ پارلیمانی سیکریٹری نے بتایا کہ 6 سال میں گولہ و بارود کی فیکٹری کے قیام کیلئے لائسنس جاری نہیں کیا۔ راجا جاوید اخلاص کا کہنا تھا کہ پاکستان کی افواج اور ادارے کسی ملک کیخلاف استعمال نہیں ہوں گے، سعودی عرب کو اسلحہ بیچنے کی کوئی ڈیل نہیں ہوئی۔